رسائی کے لنکس

قومی آرٹسٹ کنونشن، فن کاروں اور شائقین کے لیے خوشخبریاں


سینما کسی زمانے میں عام آدمی کے لئے سستی تفریح کا ذریعہ ہوا کرتا تھا لیکن وقت بدلا اورروایتی سینما گھروں کی جگہ جدید سہولتوں سے آراستہ چمکتے دمکتے ملٹی پلیکسزنے لی توٹکٹ کی قیمت بھی بڑھ گئی۔ لیکن پاکستانی شائقین کے لئے خوشخبری یہ ہے کہ سینما کا ٹکٹ اب دوسو روپے تک دستیاب ہو سکے گا۔

اسلام آباد میں تین روزہ’ قومی آرٹسٹ کنونشن 2018 ‘ اور’سی پیک ثقافتی کارواں‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرمملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ ملک میں سینما کی بحالی کے لئے آلات ٹیکس فری کئے جارہے ہیں۔ سینما کا ٹکٹ دوسو روپے سے زیادہ کا نہیں ہو گا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی 26 فروری کو فلم انڈسٹری اور آرٹسٹ پالیسی کا اعلان کریں گے۔

وزیرمملکت نے مزید بتایا کہ ملک میں پہلی پرفارمنگ اکیڈمی بنائی جارہی ہے۔فنکاروں کےلیے آرٹسٹ کارڈ جاری کیا جائے گا جس کے تحت آرٹسٹوں کو مالی اور صحت کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ آئندہ بجٹ میں فلم انڈسٹری اور فنکاروں کے لئے فنڈ بھی مختص کیا جائے گا۔

مریم اورنگزیب نے تقریب کے شرکا کو فلموں میں اپنی دلچسپی کے بارے میں بتاتے ہوئے ہمایوں سعید کو اپنا پسندیدہ اداکارقراردیا اور بتایا کہ انہوں نے آخری پاکستانی فلم جو دیکھی وہ’ جوانی پھر نہیں آنی‘ تھی۔

پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس(پی این سی اے) کے چیئرمین جمال شاہ کا کہنا تھا کہ پی این سی اے میں پرفارمنگ اکیڈمی سمیت چارسینما بھی بن رہے ہیں۔پرفارمنگ اکیڈمی اورسینما گھروں کی تعمیرڈیڑھ سال میں مکمل ہو جائے گی۔

آرٹسٹ کنونشن تین روز تک جاری رہے گا جس میں ملک بھرسے آرٹسٹ اور فنون لطیفہ سے وابستہ افراد شرکت کریں گے ۔

XS
SM
MD
LG