رسائی کے لنکس

بینکاک میں پاک بھارت قومی سلامتی کے مشیروں کی ملاقات


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بیان میں بتایا گیا کہ دونوں عہدیداروں نے امن و سلامتی، دہشت گردی، جموں اور کشمیر، لائن آف کنٹرول پر پرامن ماحول رکھنے سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔

پاکستان اور بھارت کے قومی سلامتی کے مشیروں کے مابین بنکاک میں ملاقات ہوئی ہے جو دونوں ہمسایہ ایٹمی قوتوں کے کشیدہ تعلقات کے تناظر میں ایک اہم پیش رفت تصور کی جا رہی ہے۔

پاکستان کے دفتر خارجہ کی طرف سے اتوار کو جاری ہونے والے ایک بیان میں بتایا گیا کہ ملاقات تعمیری اور مثبت ماحول میں ہوئی جس میں مثبت عمل کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

بیان میں بتایا گیا کہ دونوں عہدیداروں نے امن و سلامتی، دہشت گردی، جموں اور کشمیر، لائن آف کنٹرول پر پرامن ماحول رکھنے سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔

بھارت کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول اور ان کے پاکستانی ہم منصب ناصر خان جنجوعہ کے مابین یہ ملاقات گزشتہ ہفتے پیرس میں دونوں ملکوں کے وزرائے اعظم کی غیر رسمی ملاقات کے تناظر میں ہوئی اور اس میں پاکستان اور بھارت کے سیکرٹری خارجہ بھی موجود تھے۔

پاکستان اور بھارت کے تعلقات حالیہ مہینوں میں شدید تناؤ کا شکار رہے ہیں جب کہ اگست میں دونوں ملکوں کے قومی سلامتی کے مشیروں کی طے شدہ ملاقات بھی چند گھنٹوں قبل ہی منسوخ ہو گئی تھی۔

دونوں ملک اپنے باہمی تنازعات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کا خواہاں ہیں لیکن کن امور پر پہلے بات ہوگی، یہ وہ معاملہ ہے جس پر دونوں میں اختلاف پایا جاتا ہے۔

بھارت سب سے پہلے دہشت گردی پر بات کرنا چاہتا ہے جب کہ پاکستان کشمیر کے مسئلے پر بات چیت کو فوقیت دیتا ہے۔

امریکہ یہ کہتا آیا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی خطے کے امن و استحکام کے لیے مضر ہے لہذا پاکستان اور بھارت کو اپنے تصفیہ طلب معاملات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی سنجیدہ کوششیں کرنی چاہیئں۔

XS
SM
MD
LG