رسائی کے لنکس

نواز شریف جیل سے اسپتال منتقل


وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ نواز شریف کو میڈیکل بورڈ کی رپورٹ کی روشنی میں اسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا، ’’جہاں اُنہیں بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں‘‘

کوٹ لکھپت جیل انتظامیہ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو خرابی صحت کے باعث سروسز اسپتال لاہور منتقل کر دیا ہے۔ جیل حکام نے اُنہیں محکمہٴ داخلہ پنجاب کی جانب سے تحریری ہدایت پر جیل منتقل کیا ہے۔

نواز شریف کی صحت خراب ہونے پر حکومت پنجاب نے چھ ڈاکٹروں پر مشتمل ایک بورڈ تشکیل دیا تھا۔ میڈیکل بورڈ نے سابق وزیر اعظم کی بگڑتی صحت کے باعث انہیں جیل سے اسپتال منتقل کرنے کی تجویز دی تھی۔

سروسز اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر قمر ضیا نے نواز شریف کی اسپتال منتقلی کے وقت ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ تاحال نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ انہیں نہیں ملی۔ رپورٹ ملتے ہی ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم تشکیل دے دی جائے گی۔

ڈاکٹر قمر ضیا نے کہا کہ سروسز ہسپتال میں دل کے علاج کی سہولیات موجود نہیں ہیں۔ لیکن ابتدائی طور پر مریض کا طبی معائنہ کیا جا سکتا ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ ’’نواز شریف کو دل کے علاوہ جو امراض ہیں ان کا علاج یہاں ہو سکتا ہے۔ نواز شریف کی تفصیلی رپورٹس موصول نہیں ہوئیں۔ رپورٹس موصول ہونے کے بعد علاج شروع کیا جائے گا”۔

وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ نواز شریف کو میڈیکل بورڈ کی رپورٹ کی روشنی میں اسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا، ’’جہاں اُنہیں بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں‘‘۔

فیاض الحسن چوہان کے بقول، “نواز شریف کی طبیعت بہتر ہونے پر اُنہیں دوبارہ جیل منتقل کر دیا جائے گا”۔

کوٹ لکھپت جیل میں چند روز قبل امراض قلب کے ماہرین پر مشتمل ڈاکٹروں نے نواز شریف کا معائنہ کیا تھا۔ پنجاب حکومت کی جانب سے بنائی گئی ٹیم کے ہمراہ نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان خان بھی شامل تھے۔ ڈاکٹر عدنان کے مطابق، نواز شریف کو ’انجائنا‘ کا اٹیک ہوا ہے، جب کہ اُنہیں بلڈ پریشر اور کڈنی کا مرض بھی لاحق ہے۔

حکومت پنجاب کی جانب سے سخت سیکورٹی حصار میں اسپتال منتقل کیا گیا اور اسپتال کی سیکورٹی بھی بڑھا دی گئی ہے۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف احتساب عدالت کی جانب سے العزیزیہ ریفرنس میں سنائی گئی سزا کے مطابق سات سال قید کی سزا کاٹ رہے ہیں۔

وائس آف امریکہ اردو کی سمارٹ فون ایپ ڈاؤن لوڈ کریں اور حاصل کریں تازہ ترین خبریں، ان پر تبصرے اور رپورٹیں اپنے موبائل فون پر۔ ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

اینڈرایڈ فون کے لیے: https://play.google.com/store/apps/details?id=com.voanews.voaur&hl=en

آئی فون اور آئی پیڈ کے لیے: https://itunes.apple.com/us/app/%D9%88%DB%8C-%D8%A7%D9%88-%D8%A7%DB%92-%D8%A7%D8%B1%D8%AF%D9%88/id1405181675

XS
SM
MD
LG