رسائی کے لنکس

پاکستان میں ہیلتھ ورکرز اور 50 برس سے زائد عمر کے افراد کو کرونا بوسٹر شاٹس لگانے کا فیصلہ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کی حکومت نے کرونا وائرس کی نئی قسم اومکرون کے پیشِ نظر ہیلتھ ورکرز اور 50 برس سے زائد عمر کے افراد کو کرونا ویکسین کے بوسٹر شاٹس لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایسے افراد کو بھی بوسٹر شاٹس لگائے جائیں گے جن کی مختلف بیماریوں کے باعث قوتِ مدافعت کم ہے۔

بدھ کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بوسٹر ڈوز مفت اور کرونا کی پہلی دو خوراکوں کے چھ ماہ بعد لگائی جائے گی۔

خیال رہے کہ حال ہی میں جنوبی افریقہ میں سامنے آنے والی کرونا وائرس کی نئی قسم 'اومکرون' نے دنیا میں ہلچل مچا دی ہے اور کئی ممالک اس ویریئنٹ سے نمٹنے کے لیے ہنگامی اقدامات کر رہے ہیں۔

پاکستانی اخبار 'ڈان' کے مطابق این سی او سی کے اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ کرونا وائرس کی نئی قسم دنیا بھر میں تیزی سے پھیل رہی ہے، لہٰذا اس سے نمٹنے کے لیے اقدامات ضروری ہیں۔

ادھر پاکستان کے صوبۂ سندھ نے وائرس کی نئی قسم کا پھیلاؤ روکنے کے لیے نئی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔

نئی پابندیوں کے تحت کراچی، سکھر اور سانگھڑ میں صرف ویکسی نیٹڈ افراد کو ان ڈور اور آؤٹ ڈور سرگرمیوں میں شرکت کی اجازت ہو گی۔ ان ڈور 500 جب کہ آؤٹ ڈور ایک ہزار افراد کو جمع ہونے کی اجازت ہو گی۔

اس کے علاوہ کاروباری مراکز رات دس بجے تک کھلے رکھنے کی اجازت ہو گی جب کہ ضروری اشیا کی دکانیں 24 گھنٹے کھلی رکھی جا سکیں گی۔

ویکسی نیشن مہم: کیا بچوں کے تحفظ کی راہ میں والدین رکاوٹ ہیں؟
please wait

No media source currently available

0:00 0:02:45 0:00

ویکسی نیشن کے لیے زیرو ٹالیرنس پالیسی

اعلامیے میں تمام صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ویکسی نیشن کے حوالے سے زیرو ٹالیرنس پالیسی اپنائی جائے اور ایسے افراد کو موقع پر ویکسین لگائی جائے جو ویکیسن لگوانے سے گریزاں ہیں۔

اس مقصد کے لیے ویکسی نیشن ٹیمیں عوامی مقامات پر تعینات کی جائیں گی۔

این سی او سی نے ملک بھر میں 40 ویکسی نیشن کال سینٹرز بھی قائم کر دیے ہیں تاکہ ویکسین کی دوسری ڈوز نہ لگوانے والے افراد کے علاوہ دور اُفتادہ علاقوں میں لوگوں سے رابطے کیے جائیں۔

اجلاس میں صوبائی حکومتوں سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ ویکسی نیشن مہم کو تیز کر دیں اور جن علاقوں میں ویکسی نیشن کی شرح کم ہے وہاں شہریوں کو ویکسین لگوانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں۔

خیال رہے کہ پاکستان میں حالیہ عرصے میں کرونا وائرس کیسز میں مسلسل کمی دیکھی جا رہی ہے۔ تاہم حکام کا کہنا ہے کہ کرونا کی نئی قسم پاکستان بھی آئے گی جس کے اثرات کم کرنے کے لیے ویکسی نیشن ہی واحد طریقہ ہے۔

پاکستان میں کرونا ویکسی نیشن کی صورتِ حال

این سی او سی کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں بدھ تک 12 کروڑ 30 لاکھ 32 ہزار 63 ویکسین لگائی جا چکی ہے جن میں سے آٹھ کروڑ سے زائد افراد کو پہلی ڈوز جب کہ پانچ کروڑ کے لگ بھگ شہریوں کو ویکسین کی دونوں ڈوزز لگ چکی ہیں۔

ملک میں اب تک 12 لاکھ 85 ہزار 254 افراد میں وائرس کی تصدیق جب کہ 28 ہزار 737 اموات ہو چکی ہیں۔

پاکستان میں کرونا مثبت کیسز کی شرح ایک فی صد سے بھی کم ہو چکی ہے۔

XS
SM
MD
LG