رسائی کے لنکس

نیپال زلزلے میں جانی و مالی نقصان پر امریکہ کا اظہار تعزیت و افسوس


قومی سکیورٹی کونسل (این ایس سی) کی ترجمان، برنیڈٹ میہان نے کہا ہے کہ زلزلہ زدگان کی امداد کے لیے ابتدائی طور پر 10 لاکھ ڈالر کی رقم مختص کی گئی ہے، اور یہ کہ، ’ہم حکومتِ نیپال اور متاثرہ خطے کے لیے درکار مزید امداد روانہ کرنے کے لیے تیار ہیں‘

امریکہ نے نیپال میں آنے والے زلزلے کے بعد مٹی کے تودے گرنے کے واقعات میں ہونے والی تباہی؛ اور نیپال، بھارت اور بنگلہ دیش میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر امریکی عوام کی جانب سے دل کی گہرائی سے تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ہفتے کو وائٹ ہاؤس کے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ آفات سے نمٹنے پر مامور امدادی ماہرین کا ایک دستہ نیپال بھیج رہا ہے۔

قومی سکیورٹی کونسل (این ایس سی) کی ترجمان، برنیڈٹ میہان نے کہا ہے کہ زلزلہ زدگان کی امداد کے لیے ابتدائی طور پر 10 لاکھ ڈالر کی رقم مختص کی گئی ہے، اور یہ کہ، ’ہم حکومتِ نیپال اور متاثرہ خطے کے لیے درکار مزید امداد روانہ کرنے کے لیے تیار ہیں‘۔

ادھر، امریکی محکمہٴخارجہ کی خاتون ترجمان، میری ہارف نے ایک بیان میں کہا ہے کہ امداد اور درکار اعانت فراہم کرنے کے لیے، امریکہ حکومتِ نیپال سے ’قریبی رابطے میں ہے‘۔

ترجمان نے کہا کہ ایمبسیڈر بوڈے نے اِس قدرتی آفت سے متعلق ایک اعلامیہ جاری کیا ہے، جس کے تحت انسانی ہمدردی کی بنیاد پر فوری اور ابتدائی طور پر 10 لاکھ ڈالر کی رقم جاری کرنے کے احکامات دیے ہیں۔

ساتھ ہی، امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) ’ڈزاسٹر اسسٹنس ریسپانس ٹیم‘ تعینات کرنے کی تیاریاں مکمل کر رہا ہے۔

مزید یہ کہ، یو ایس ایڈ ’اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم‘ کو متحرک کر رہا ہے، تاکہ وہ آفات سے نبردآزما ہونے پر مامور ماہرین کی ٹیم کے ہمراہ کھٹمنڈو جاکر صورت حال کا تخمینہ لگائے اور امدادی اقدام تجویز کرے۔

میری ہارف نے کہا ہے کہ ’ہم اس المیے کے باعث متاثرہ نیپالی اور خطے کے دیگر لوگوں سے دل کی گہرائی کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں‘؛ اور یہ کہ ’اس مشکل گھڑی میں امریکہ متاثرین کے ساتھ کھڑا ہے‘۔

XS
SM
MD
LG