رسائی کے لنکس

نیپال میں پاکستان کے میڈیکل کیمپ میں بچے کی پیدائش


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستانی فوج کے تیس ڈاکٹر مختلف شعبوں میں مہارت رکھتے ہیں اور نیپالی عوام کی خدمت میں مصروف ہیں۔

زلزلے سے متاثرہ نیپال کے شہر بختاپور میں پاکستان کی طرف سے لگائے گئے ایک میڈیکل کیمپ میں ایک نیپالی خاتون نے بچے کو جنم دیا۔ ماں اور بچہ دونوں خیریت سے ہیں اور پاکستانی طبی عملہ ان کی دیکھ بھال کر رہا ہے۔

یہ بات پاکستان کے دفترِ خارجہ کی ترجمان نے میڈیا سے گفتگو کے دوران بتائی۔

نیپال ہمالیہ پہاڑی سلسلے میں واقع ہے اور گزشتہ ہفتے آنے والے شدید زلزلے کے بعد سے وہاں امدادی کارروائیاں جاری ہیں جن میں پاکستان بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

پاکستان نے نیپال میں زلزلہ آنے کے فوراً بعد چار C-130 طیاروں کے ذیعے دوائیں، خوراک، کمبل، ٹینٹ، پانی، چاول، دالیں، تلاش اور امداد کا سامان اور جاسوسی کتے بھیجے تھے۔ ان کے ساتھ 75 اراکین پر مشتمل طبی عملہ بھی نیپال بھیجا گیا جن میں چار لیڈی ڈاکٹروں سمیت 30 ڈاکٹر بھی شامل ہیں۔

پاکستانی ڈاکٹر دارالحکومت کٹھمنڈو سے آٹھ میل دور تاریخی شہر بختاپور میں 30 بیڈ پر مشتمل ایک عارضی اسپتال چلا رہے ہیں۔ یہ تاریخی شہر شدید زلزلے سے متاثر ہونے والے علاقوں میں سے ایک ہے۔ پاکستانی فوج کے تیس ڈاکٹر مختلف شعبوں میں مہارت رکھتے ہیں اور نیپالی عوام کی خدمت میں مصروف ہیں۔

زلزلے کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 5500 سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ 8000 سے زائد افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ نیپالی وزیرِ اعظم سوشیل کوئرالہ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ مرنے والوں کی تعداد 10,000 تک ہو سکتی ہے۔

XS
SM
MD
LG