رسائی کے لنکس

کٹھمنڈو ایئر پورٹ پر بھارتی وزیر گرفتار


کرنسی نوٹوں پر عائد پابندی کی خلاف ورزی کرنے کے جرم میں کٹھمنڈو ایئر پورٹ پر بدھ کی رات بھارت کے ایک صوبائی وزیر کو حراست میں لیا گیا۔

بھارت کی شمال مشرقی ریاست ناگالینڈ کے وزیرِ داخلہ اِمکونگ اِمچین اپنے کنبے کے ساتھ نئی دہلی جانے والی فلائیٹ کے لیے بدھ کی صبح نیپال کے تری بھون ایئرپورٹ پہنچے تو اُن کی اہلیہ اور بچوں کو تو طیارے میں بیٹھنے کی اجازت دے دی گئی، تاہم خود وزیر کو روک لیا گیا کیونکہ اُن کے پاس سے نو لاکھ روپے برآمد ہوئے تھے جو ہزار اور پانچ سو کے بھارتی کرنسی نوٹوں میں تھے۔

بھارت سے باہر ایک ہزار اور پانچ سو کے بھارتی کرنسی نوٹوں کی لین دین پر پابندی ہے اور نیپال میں اِن نوٹوں کو لانا ایک جرم ہے، جِس کے لیے پانچ سال تک کی سزا ہوسکتی ہے۔

جیسے ہی ناگالینڈ کے وزیر کو حراست میں لیے جانے کی خبر بھارت کی وزارتِ خارجہ پہنچی فوراً کٹھمنڈو میں بھارتی سفارت خانے کو الرٹ کیا گیا۔سفارت خانے سے ایک سینئر افسر کاٹھمنڈو ایئرپورٹ پہنچا اور اُس نے نیپال کے امیگریشن اہل کاروں کو یہ یقین دہانی کرائی کہ امچین واقعی ایک بھارتی ریاست کے وزیرِ داخلہ ہیں جو کرنسی نوٹوں پر نافذ پابندی سے بالکل لاعلم تھے۔

سفارت خانے کی مداخلت کے بعد وزیر کو شام کی فلائیٹ سے نئی دہلی لوٹنے کی اجازت دے دی گئی۔

XS
SM
MD
LG