رسائی کے لنکس

نیدرلینڈز کے ناظم الامور کی وزارتِ خارجہ میں طلبی


ترجمان دفترخارجہ کے مطابق گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر ہالینڈ کے ناظم الامور کو دفترِ خارجہ طلب کر کے پاکستان نے سخت ریکارڈ درج کرایا ہے۔

نیدرلینڈز میں گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کرانے پر نیدرلینڈ کے ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا ہے۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر ہالینڈ کے ناظم الامور کو دفترِ خارجہ طلب کر کے پاکستان نے سخت ریکارڈ درج کرایا ہے۔

بیان کے مطابق ہالینڈ کی فریڈم پارٹی کے لیڈر اور پارلیمانی رکن گریٹ ولڈر کی طرف سے گستاخانہ خاکوں پر مقابلہ کرانا قابلِ مذمت ہے۔ پاکستان کو صورتحال پر گہری تشویش ہے۔ یہ اسلام کو بدنام کرنے کی گھناؤنی کوشش ہے۔

ادھر وفاقی کابینہ نے بھی آج اپنے پہلے اجلاس میں معاملے کی سختی سے مذمت کرتے ہوئے ہیگ میں پاکستانی سفیر کو معاملہ ہالینڈ حکومت اور او آئی سی کے سامنے اٹھانے کی بھی ہدایت جاری کر دی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ اسلام کو بدنام کرنے کی دانستہ کوشش پر ہالینڈ کے ناظم الامور کو گہری تشویش سے آگاہ کیا گیا جس کی وفاقی کابینہ نے بھی آج شدید مذمت کی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اقوام متحدہ میں مستقل مندوب کو بھی اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری کے ساتھ معاملہ اٹھانے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے اور پاکستانی سفیر کو او آئی سی ممبر ممالک سے مل کر معاملہ اٹھانے کا کہا گیا ہے۔

ان خاکوں کا مقابلہ کروانے والا گیرٹ ولڈرز وہی شخص ہے جس نے پارلیمنٹ میں قرآن مجید کی ترسیل روکنے کا بل پیش کیا تھا۔ اس کے علاوہ یہ ہالینڈ میں خواتین کے پردے پر پابندی کا بل بھی پیش کرچکا ہے۔

اس معاملے پر پاکستان کی پنجاب اسمبلی میں مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی تھی۔

گستاخانہ خاکوں کے خلاف حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے مشترکہ طور پر ایوان میں لائی جانے والی قرارداد میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ ہالینڈ سے احتجاجاً اپنے سفارتی تعلقات منقطع کر دے۔

ان گستاخانہ خاکوں کے حوالے سے ملک کے مذہبی حلقوں میں شدید اضطراب پایا جاتا ہے اور چند روز قبل اسلام آباد میں تحریک لبیک کی طرف سے مظاہرہ بھی کیا گیا جس پر دفترخارجہ کے افسران نے انہیں بھرپور اجتجاج کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی۔

XS
SM
MD
LG