رسائی کے لنکس

پاکستان فوج کے ترجمان کی تبدیلی سمیت کئی اعلیٰ عہدوں پر تبادلے


ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار کو کورکمانڈر کراچی تعینات کردیا گیا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار کو کورکمانڈر کراچی تعینات کردیا گیا ہے۔

پاکستان فوج کے نئے سربراہ جنرل عاصم منیر کے کمان سنبھالنے کے بعد فوری طور پر ادارے میں اعلیٰ سطح پر تبدیلیاں کی جارہی ہیں اور مختلف کورکمانڈرز کو تبدیل کردیا گیا ہے۔

پاکستان فوج کے ترجمان ادارے 'آئی ایس پی آر' کے سربراہ کو بھی تبدیل کردیا گیا ہے جب کہ چیف آف جنرل اسٹاف اور کورکمانڈر بہاولپور کے عہدے پر بھی نئی تعیناتی کی گئی ہیں۔

ان تبدیلیوں سے متعلق آئی ایس پی آر کی طرف سے باضابطہ طو رپر کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا اور اس بارے میں سوال بھیجنے پر بھی اس خبر کی اشاعت تک کوئی جواب نہیں دیا گیا۔

فوج میں اعلیٰ عہدوں پر حالیہ تقرریوں و تبادلوں کو نئے آرمی چیف کی طرف سے پاکستان فوج کی باقاعدہ پالیسی میں تبدیلی کا اشارہ سمجھا جارہا ہے جس میں نئے آرمی چیف اپنی ٹیم کی اپنی مرضی سے تعیناتی کررہے ہیں۔

اب تک سامنے آنے والی تفصیلات کے مطابق کراچی کور میں تعینات لیفٹننٹ جنرل سعید کو چیف آف جنرل اسٹاف کے عہدے پر تعینات کردیا گیا ہے۔

لیفٹنٹ جنرل شاہد کو اسکول آف انفنٹری اینڈ ٹیکٹیس کوئٹہ سے کور کمانڈر 10 راولپنڈی لگا دیا گیا ہے۔ اسٹرٹیجک فورس کمانڈ میں تعینات لیفٹننٹ جنرل محمد علی کو کوارٹر ماسٹر جنرل بنا دیا گیا ہے جب کہ لیفٹننٹ جنرل ثاقب محمود ملک کو کمانڈر لاجسٹک سپورٹ سے کورکمانڈر بہاولپور تعینات کیا گیا ہے۔

حال ہی میں ترقی پانے والے وائس چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹننٹ جنرل نعمان زکریا کو کمانڈر لاجسٹک سپورٹ لگایا گیا ہے۔

گزشتہ روز میجرجنرل سے لیفٹننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی پانے والے لیفٹننٹ جنرل محمد شہباز خان کو جی او سی 10 ڈویژن سے کمانڈر آرمی اسٹرٹیجک کمانڈ فورس بنا دیا گیا ہے۔

بابر افتخار کو کراچی کور مل گئی

ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخارترقی ملنے کے باوجود آئی ایس پی آر میں خدمات سرانجام دے رہے تھے جنہیں اب باقاعدہ کور دے دی گئی ہے اور انہیں کورکمانڈر 5 کور کراچی تعینات کردیا گیا ہے۔

پاکستان فوج کی انجینئرنگ کور کے افسر میجرجنرل احمد شریف چوہدری کو ڈیفنس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی آرگنائزیشن سے ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر تعینات کردیا گیا ہے۔

یہ تبدیلیاں ایسے وقت میں ہوئی ہیں جب پاکستان فوج کی طرف سے پاکستان کی سیاست میں عدم مداخلت کی پالیسی کا کہا جارہا ہے۔ ان تبدیلیوں سے بھی یہ اشارہ بھی مل رہا ہے کہ پاکستان فوج سیاست سے دور اور اپنے پیشہ ورانہ امور کی طرف توجہ دینا چاہتی ہے۔

نئی تعیناتیوں پر سوشل میڈیا پر مختلف تبصرے کیے جارہے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے سابق ڈائریکٹر بریگیڈئیر ریٹائرڈ عتیق الرحمان نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ نئے چیف آف جنرل اسٹاف اور ڈی جی آئی ایس پی آر کی تعیناتی آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی پیشہ ورانہ مہارت کو ظاہر کرتی ہے۔ میرٹ پر صحیح کام کے لیے صحیح شخص منتخب کیا جارہا ہے۔

ان تعیناتیوں کے ساتھ پاکستان فوج کے دو سینئر لیفٹننٹ جنرلز کی قبل از وقت ریٹائرمنٹ کی بھی اطلاعات ہیں جن میں چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹننٹ جنرل اظہرعباس اور کورکمانڈر بہاولپور لیفٹننٹ جنرل فیض حمید شامل ہیں۔

ان کی ریٹائرمنٹ کے بارے میں پاکستان کے مقامی میڈیا اور سوشل میڈیا پر کہا جارہا ہے کہ وزیراعظم نے ان کی قبل از وقت ریٹائرمنٹ کی درخواست منظور کرلی ہے۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ان دونوں افسران کے عہدوں پر نئے افسران بھی تعینات کردیے گئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG