رسائی کے لنکس

بالی ووڈ کی نئی فلم ’مام‘ جس میں پاکستانی فنکار جوڑی شامل ہے


عدنان صدیقی کے ستارے ان دنوں عروج پر ہیں۔ ان کی اداکاری سے سجی ایک پاکستانی فلم ’یلغار‘ بھی گزشتہ ہفتے ہی دنیا کے 22 ممالک میں ریلیز ہوئی ہے۔

پاکستانی ٹی وی ڈراموں کے دو فنکاروں کی پہلی بھارتی فلم ’مام‘ ریلیز کے لئے تیار ہے۔ ۔۔جی ہاں آپ درست سمجھے۔ یہ فنکار جوڑی ہے عدنان صدیقی اور سجل علی کی، جن کی بالی ووڈ فلموں کی میگا اسٹار سری دیوی کے ساتھ یہ پہلی فلم ہے۔

پاکستان میں اس فلم کے ڈسٹری بیوشن رائٹس رکھنے والے اداروں ’ایور ریڈی پکچرز ‘ اور ’ہم فلمز‘ نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ فلم 7جولائی یعنی جمعے کے روز بھارت کے ساتھ ساتھ پاکستان میں بھی ریلیز ہونے جا رہی ہے۔

عدنان صدیقی کے ستارے ان دنوں عروج پر ہیں۔ ان کی اداکاری سے سجی ایک پاکستانی فلم ’یلغار‘ بھی گزشتہ ہفتے ہی دنیا کے 22 ممالک میں ریلیز ہوئی ہے۔

اب تک کی اطلاعات کے مطابق ’یلغار‘ کو ریلیز کے ابتدائی دنوں میں سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم کا اعزاز مل گیا ہے۔

سجل علی نے فلم میں سری دیوی کی بیٹی کا کردار ادا کیا ہے، جبکہ عدنان سری دیوی کے شوہر کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

فلم کی کہانی کا مرکزی کردار سری دیوی ہیں اور ان کے بعد جس فنکارہ کو بھارتی اور پاکستانی میڈیا اہمیت دے رہے ہیں، وہ سجل علی ہیں۔

فلم بینوں نے ریلیز سے پہلے ہی سجل کی بھرپور انداز میں ’واہ واہ‘ کی ہے۔

سری دیوی کے علاوہ فلم کی کاسٹ میں نواز الدین صدیقی اور اکشے کھنہ جیسے بڑے اور کامیاب نام بھی شامل ہیں ۔فلم کے پروڈیوسر سری دیوی کے شوہر بونی کپور ہیں۔

میوزک کے حوالے سے بات کریں تو وہاں بھی ایک بہت بڑا نام موجود ہے۔ یہ ہیں اے آر رحمٰن جو اپنے کریڈیٹ پر آسکر جیسا بڑا فلمی ایوارڈ بھی رکھتے ہیں۔ جبکہ متعدد بڑے اور جانے پہچانے ایوارڈز اس کے علاوہ ہیں۔

اہم اور دلچسپ پہلو
بالی ووڈ فلموں کے فینز کے لئے فلم ’مام ‘ سے جڑے کچھ دلچسپ پہلو ؤں سے بھی پردہ اٹھاتے چلیں ۔ مثال کے طور پر ’مام ‘ کی ریلیز کے ساتھ ہی سری دیوی کی فلموں کی تعداد پوری 300 ہو جائے گی۔

سجل علی کی یہ پہلی بالی ووڈ مووی تو ہے ہی اس کے ڈائریکٹر روی کی بھی یہ پہلی فلم ہے۔ سری دیوی کے لئے بھی یہ ایک ایسی پہلی فلم ہے جس میں انہوں نے پاکستانی فنکاروں کے ساتھ کام کیا ہے۔

فلم کے ڈائریکٹر کی سجل علی سے متعلق رائے
روی کا کہنا ہے کہ انہوں نے عدنان اور سجل علی کو اس لئے منتخب کیا کہ یہ دونوں فنکار ایکسپریشنز دینے میں اپنا جواب آپ ہیں۔ بھارتی اخبار ’ہندو‘ کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں روی نے بتایا:

’مجھے سری دیوی کے شوہر اور بیٹی کے کردار کے لئے اسی طرح کے کسی فنکار جوڑی کی تلاش تھی جو مکالموں سے زیادہ ایکسپریشنز یعنی تاثرات دینے میں بے مثال ہو۔ سجل کی آنکھوں کی چمک اور ایکسپریشن نے مجھے ان کی جانب راغب کیا۔ ساتھ ساتھ ان کی پرفارمنس تو ہے ہی لاجواب۔‘

سجل علی کیا کہتی ہیں:
بالی ووڈ فلموں میں کام کرنا میرا بڑا خواب تھا جو پورا ہونے جا رہا ہے۔ سری دیوی، اکشے کھنہ، نواز الدین صدیقی اور عدنان صدیقی کے ساتھ کام کرنا میرے کیرئیر کا سب سے سہانا تجربہ ہے۔ پھر روی صاحب نے جس طرح مجھ پر اعتماد کیا اس کے لئے میں ان کی خصوصی طور پر شکر گزار ہوں۔ ‘‘

سجل کا مزید کہنا ہے ’مام‘ میرے لئے صرف اس وجہ سے ہی اہم نہیں کہ یہ میری پہلی بالی ووڈ فلم ہے بلکہ اس لئے بھی کہ اس فلم کو میں اپنی ماں کو ’ڈیڈیکیٹ‘ کرتی ہوں۔ آج جو کچھ بھی ہوں انہی کی بدولت ہوں۔ فلم کی کہانی بھی ایک ماں ہی کے گرد گھومتی ہے۔ ‘‘

XS
SM
MD
LG