رسائی کے لنکس

چارلی ایبڈو کے نئے شمارے میں پیغمبر اسلام کا خاکہ شائع کرنے کا فیصلہ


جریدہ عموماً 60 ہزار کاپیاں جاری کرتا ہے لیکن اس نئے شمارے کی اشاعتی تعداد 30 لاکھ بتائی گئی ہے۔

فرانس کے جریدے "چارلی ایبڈو" اپنے نئے شمارے کے سر ورق پر پیغمبر اسلام کا خاکہ شائع کر رہا ہے۔

پیر کو ذرائع ابلاغ کو اس شمارے کی جائزہ کاپی ارسال کی گئی جس کے سر ورق پر پیغمبر اسلام کا خاکہ بنا ہوا ہے اور اس پر شہ سرخی میں درج ہے "سب کو معاف کیا۔"

گزشتہ بدھ کو اس جریدے کے پیرس میں واقع دفتر پر شدت پسندوں نے حملہ کر کے مدیر اعلیٰ اور پانچ کارٹونسٹس سمیت 12 افراد کو ہلاک کر دیا اور فرار ہو گئے۔ دو روز تک تلاش کی کارروائیاں جاری رہنے کے بعد پولیس نے ان شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا۔

چارلی ایبڈو اسلام سمیت مختلف مذاہب اور مشہور شخصیات کے خاکے بنا کر ان پر تنقید اور طنز کرنے کے حوالے سے شہرت رکھتا ہے۔

جریدہ عموماً 60 ہزار کاپیاں جاری کرتا ہے لیکن اس نئے شمارے کی اشاعتی تعداد 30 لاکھ بتائی گئی ہے۔

فرانس میں کئی دہائیوں میں ہونے والے اس سب سے ہلاکت خیز حملے کے بعد پورا ملک سوگوار تھا جب کہ پیرس سمیت دیگر شہروں میں لوگوں نے مرنے والوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور انتہا پسندی کے خلاف ریلیاں نکالیں۔

اتوار کو ایک ایسی ہی ریلی میں دس لاکھ سے زائد افراد شریک ہوئے جن میں لگ بھگ چالیس ممالک کے رہنما اور اعلیٰ شخصیات بھی شامل تھیں۔

پولیس نے گزشتہ ہفتے ایک اور شدت پسند کو بھی ہلاک کر دیا تھا جس نے پیرس میں ایک یہودی سپر مارکیٹ میں چار افراد کو یرغمال بنایا اور پھر انھیں مار دیا تھا۔ اسی شخص نے ایک روز قبل ایک خاتون پولیس اہلکار کو بھی قتل کیا تھا۔

فرانس میں گزشتہ ہفتے کے واقعات کے بعد سے سکیورٹی انتہائی سخت کر دی گئی ہے۔ وزیردفاع کے مطابق منگل کو سکیورٹی فورسز کے دس ہزار سے زائد اہلکاروں کی اضافی نفری بھی ملک بھی میں تعینات کی جارہی ہے۔

XS
SM
MD
LG