رسائی کے لنکس

چین میں کرونا کے نئے کیسز میں اچانک اضافہ


چین میں اتوار کے روز بڑی تعداد میں کرونا ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔
چین میں اتوار کے روز بڑی تعداد میں کرونا ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔

چین کے جنوبی حصے میں کووڈ نائنٹین کے نئے کیسز میں اچانک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس کے باعث گوانگ جو شہر کے، دنیا کے ایک مصروف ترین ایئر پورٹ سے پیر کے روز کئی پروازیں منسوخ کردی گئیں۔

چین کی نیشنل ہیلتھ اتھارٹی کے مطابق 27 نئے متاثرہ افراد میں سے 18 گوانگ دونگ صوبے میں مقامی سطح پر متاثر ہوئے جبکہ سات کیسز باہر سے منتقل ہوئے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اتوار کو رپورٹ کیے گئے کیسز میں سے 18 گوانگ جو شہر میں دریافت ہوئے جبکہ دو کیسز فوشان شہر سے رپورٹ ہوئے۔

پیر دوپہر سے پہلے تک گوانگ جو بیان انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے 519 پروازیں منسوخ کر دی گئی تھیں۔ فضائی ٹریفک کے متعلق ڈیٹا فراہم کرنے والی کمپنی ویری فلائٹ کے مطابق پیر کو گوانگ جو ایئر پورٹ سے منسوخ ہونے والی پروازیں کل پروازوں کا 37 فیصد ہیں۔

عالمی وبا کے دوران گزشتہ ایک سال میں گوانگ جو کا بین الااقوامی ایئر پورٹ دنیا کا مصروف ترین ہوائی اڈہ رہا جہاں سے چار کروڑ تیئیس لاکھ لوگوں نے سفر کیا۔

اتوار کے ایک سرکاری اعلان کے مطابق ایئر پورٹ، ٹرین اور شٹل بسوں کے ذریعہ شہر سے باہر سفر کرنے والے مسافروں کو تین دن پہلے کووڈ نائنٹین کے منفی ٹیسٹ آنے کا ثبوت دینا ہو گا۔ البتہ ٹرانزٹ مسافروں کے لئے اس ٹیسٹ کی شرط پوری کرنا ضروری نہیں۔

ہفتے کے اختتام پر حکام نے شہر کے لیوان حصے میں شہریوں پر باہر نکلنے پر پابندی عائد کر دی۔ تفریح کے مقامات اور مارکیٹوں کو بند کر دیا گیا تھا۔

شہر کے ادارہ صحت کے ڈپٹی ڈائریکٹر چین بن نے اتوار کو ایک پریس کانفرس میں انکشاف کیا کہ حالیہ دنوں میں جن لوگوں میں کووڈ نائنٹین کے مرض کی تشخیص ہوئی وہ افراد بھارت میں پائے جانے والی کرونا وائرس کی تیزی سے پھیلنے والی قسم سے متاثرہوئے ہیں۔

اتوار تک کے اعداد و شمار کے مطابق چین میں اب تک اکانوے ہزار سے زیادہ لوگ کرونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ ملک میں 4 ہزار 6 سو 36 لوگ کووڈ نائنٹین سے موت کا شکار ہو چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG