رسائی کے لنکس

بھارت کے سابق وزیر خزانہ ارون جیٹلی انتقال کر گئے


فائل
فائل

بھارت کے سابق وزیر خزانہ، ارون جیٹلی ہفتے کے روز نئی دہلی کے اسپتال میں انتقال کر گئے۔ وہ کئی ماہ سے علیل تھے۔ ان کی عمر 66 برس تھی۔

وہ وزیر اعظم نریندر مودی کے قریبی ساتھی تھے، جنھوں نے ملکی معیشت میں تاریخ ساز اصلاحات کے ذریعے بھارتی معیشت کو مستحکم کرنے میں قابل قدر کردار ادا کیا۔

انہی کی قیادت میں مودی سرکار نے 86 فی صد ملکی کرنسی نوٹوں پر پابندی عائد کرنے کا متنازعہ فیصلہ کیا تھا۔

وہ پارلیمان میں مودی کے قریب ترین خیال کیے جاتے تھے، اور حکومت کے دفاع میں پیش پیش رہتے تھے۔ وہ ایک سابق قانون داں تھے، جنھوں نے سیاست میں قدم رکھا۔ انھیں حکمراں قوم پرست ہندو جماعت، بھارتیہ جنتا پارٹی کا ذہین شخص سمجھتا جاتا تھا۔ مختصر مدت تک انھوں نے وزارت دفاع کا قلمدان بھی سنبھالا تھا۔

وہ ذیابیطس کے مرض میں مبتلہ تھے اور 2018ء میں ان کے گردوں کی پیوندکاری کا آپریشن ہوا، جس کے بعد انھوں نے مودی کی کابینہ کے فرائض سے معذرت کرلی۔ اس سال مئی میں بی جے پی کو انتخابات میں تاریخی کامیابی ملی۔

بعد ازاں انھیں سانس کا عارضہ لاحق ہوا۔

مودی نے ایک ٹوئیٹ میں کہا ہے کہ ’’میرا ایک قیمتی دوست مجھ سے جدا ہوگیا، جن سے میری عشروں سے قربت تھی۔ ملکی امور پر ان کی دسترس اور معاملہ فہمی کی کم ہی مثال ملتی ہے‘‘۔

مودی نے جیٹلی کو ’’قداور سیاست دان، بلند دانشور اور یکتا قانونی ماہر‘‘ قرار دیا۔

وزیر خزانہ کے طور پر جیٹلی نے ’جی ایس ٹی‘ (گڈز اینڈ سروسز ٹیکس) متعارف کرائی، ملک کے فرسودہ بالواسطہ ٹیکس نظام میں انقلابی تبدیلیاں کیں، اور اسے ملک بھر میں ایک ہی ٹیکس میں تبدیل کیا۔

ان اقدامات کو معیشت کے فروغ کا باعث قرار دیا گیا، حالانکہ اس پر عمل درآمد ایک چیلنج کی صورت اختیار کر گیا، جہاں کے کروڑوں چھوٹے درجے کے کاروباری حضرات کا کہنا ہے کہ وہ ابھی تک نظام کو سمجھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

سال 2016میں معیشت کے ایک انقلابی اقدام کے طور پر زیادہ تر ملکی نقدی کو رد کیا گیا۔ مخالفین نے اسے مسائل کھڑے کرنے کا اقدام قرار دیا، جس سے نوکریاں کم ہوئیں جب کہ معیشت سست روی کا شکار ہوئی؛ جب کہ لوگوں کی نقدی تک رسائی میں مہینے لگ گئے۔

اس کا دفاع کرتے ہوئے، جیٹلی نے کہا تھا کہ بغیر ٹیکس کی معیشت کا علاج یہی ہے، جس سے معیشت ٹھیک ہوگی؛ جب کہ اسی طرح بدعنوانی کو ختم کرنے کا بی جے پی کا انتخابی وعدہ بھی پورا ہوگا۔

XS
SM
MD
LG