رسائی کے لنکس

’تیرا میرا رشتہ‘ انتقام کے جذبے میں بھٹکتے رشتوں کی کہانی


حورین کی شادی سے پہلے اس کی کلاس فیلو مرجان کی شادی اس کے کزن معاذ سے ہوجاتی ہے جو بااثر خاندان سے تعلق رکھتا ہے۔ مرجان کا بھائی مراد حورین سے بدتمیزی کرتا ہے تو حورین کا بھائی زلفی احتجاج کرتا ہے ۔۔اسی دوران اس کا قتل ہوجاتا ہے اور ۔۔

نئی ڈرامہ سیریل ’تیرا میرا رشتہ‘۔۔ محبت کو کھونے اور انتقام کے اندھے جذبے میں بھٹکتے رشتوں کی کہانی ہے جو 11دسمبر سے شروع ہونے والی ہے۔

’تیرا میرا رشتہ‘ کا مرکزی کردار حورین ہے جو ہنستی کھیلتی شخصیت کی مالک ہے۔ اسے خواب دیکھنا اور ان کی تعبیر تلاش کرنا اچھا لگتا ہے۔ وہ دو بھائیوں کی لاڈلی بہن ہے۔ اس کی منگنی بچپن کے دوست حیدر سے طے ہے۔امتحانات کے بعد حیدر اور حورین کی شادی ہوجائے گی۔

مگر حورین کی شادی سے پہلے اس کی کلاس فیلو مرجان کی شادی اس کے کزن معاذ سے ہو جاتی ہے، جو بااثر خاندان سے تعلق رکھتا ہے۔ مرجان کا بھائی مراد حورین سے بدتمیزی کرتا ہے تو حورین کا بھائی زلفی احتجاج کرتا ہے۔ اسی دوران اس کا قتل ہوجاتا ہے۔

حساس حورین کو یہ غم ستاتا ہے کہ اس کے بھائی کی جان اس کی وجہ سے گئی اس لئے وہ انصاف کے حصول کے لئے اٹھ کھڑی ہوتی ہے۔

بہت اتار چڑھاوٴ کے بعد معاذ گرفتار ہو جاتا ہے اور مراد دبئی فرار ہو جاتا ہے۔معاذ کی رہائی کے بعد معاذ کے والد اس کی شادی حورین سے کردیتے ہیں جس میں حورین کی بھابی اہم کردار ادا کرتی ہے، کیونکہ وہ انتقامی جذبے کے تحت حورین کو حیدر سے جدا کرنا چاہتی ہے۔

حورین نے معاذ سے شادی کیوں کی؟ کیا وہ اپنے بھائی کے لئے انصاف حاصل کر پائے گی؟ کیا معاذ سے رشتہ نبھا پائے گی؟ ان تمام سوالوں کا جواب ہی ’تیرا میرا رشتہ‘ ہے۔

پبلسٹی فرم، ’فریجنسی‘ نے ’وائس آف امریکہ‘ کو بتایا کہ ’تیرا میرا رشتہ‘ 11 دسمبر سے شروع ہوگا۔ ڈرامے کے ڈائریکٹر علی فیضان اور رائٹر رابعہ رزاق ہیں۔ ڈرامے کی کاسٹ شہزاد نور، فروا کاظمی، علمدار، توقیر ناصر، نائلہ جعفری، عبداللہ اعجاز، نبیل اور شاہد پر مشتمل ہے۔

XS
SM
MD
LG