رسائی کے لنکس

ملیکہ شیراوت پوسٹر تنازع میں پھنس گئیں


فلم ’ڈرٹی پولیٹکس‘ کا پہلا پوسٹر جاری ہوتے ہی مخالفت کے طوفان نے جنم لے لیا۔ پوسٹر میں ملیکہ شیراوت کو ترنگے میں لپٹے ایک گاڑی کے اوپر بیٹھے دکھایا گیا ہے

بالی وڈ کی بولڈ اداکارہ اور آئٹم گرل ملیکہ شیراوت اور اسیکنڈل و تنازعات کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔ناقدین کہتے ہیں اول تو انہیں کوئی قابل ذکر رول ملتا نہیں اور اگر کسی فلم میں کوئی ڈھنگ کا کردار مل بھی جائے تو بھی کوئی نہ کوئی تنازعہ اٹھ کھڑا ہوتا ہے۔ اس بات کی تازہ مثال ہے ان کی آنے والی فلم ’ڈرٹی پولیٹکس‘ کے پوسٹر سے اٹھنے والا ہنگامہ۔

بھارتی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق کے سی بوکاڈیہ کی فلم ’ڈرٹی پولیٹکس‘ کا پہلا پوسٹر جاری ہوا جس کے ریلیز ہوتے ہی مخالفت کے طوفان نے بھی جنم لے لیا۔ پوسٹر میں ملیکہ شیراوت کو ترنگے (تین رنگی لباس )میں لپٹے ایک گاڑی کے اوپر بیٹھے دکھایا گیا ہے ۔ترنگے سے مراد تین رنگوں والے بھارتی پرچم سے بھی لی جاتی ہے۔

ایک سیاسی جماعت کا کہنا ہے کہ یہ ان کی پارٹی کا جھنڈا ہے اور وہ فلم میکرز پر جلد مقدمہ دائر کریں گے۔ یہ پہلا موقع نہیں جب جھنڈے کو لے کر تنازعہ پیدا ہوا ہو۔ ٹینس پلئیر ثانیہ مرزا کو بھی شدید احتجاج کا سامنا کرنا پڑا تھا جب ان کی ایک تصویر منظر عام پر آئی تھی جس میں انہوں نے پاوٴں ایک ٹیبل پررکھے ہوئے تھے جس کے ساتھ ہی بھارتی پرچم رکھا ہوا تھا۔

ایسی ہی صورتحال کا سامنا ماڈل، ایکٹر اور ہوسٹ مندرا بیدی کو بھی کرنا پڑا تھا جب انہوں نے بھارتی پرچم کے رنگوں والی ساڑھی زیب تن کی تھی۔اب تازہ معاملہ ملیکہ شراوت کو لے کر اٹھا ہے۔

’ڈرٹی پولیٹکس‘ کے ڈائریکٹر کے سی بوکاڈیا کا کہنا ہے کہ وہ کسی صورت بھی پوسٹر میں کوئی تبدیلی نہیں کریں گے۔بو کاڈیا کے مطابق راجستھان کی کوئی سیاسی جماعت ان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ لیکن، ہمارے پوسٹر میں کوئی ایسی چیز نہیں جو کسی پارٹی سے مشابہہ ہو۔ اگر کوئی زبردستی ہماری فلم سے اپنی پارٹی کا نام جوڑنا چاہتا ہے تو ہم کچھ نہیں کرسکتے اور نہ ہی ہم اسے قبول کریں گے۔

ملیکہ کے علاوہ ’ڈرٹی پولیٹکس‘ کی کاسٹ میں شامل ہیں نصیرالدین شاہ، انوپم کھیر، جیکی شیروف، آشوتوش رانا اور راج پال یادیو۔
XS
SM
MD
LG