رسائی کے لنکس

طویل عرصے سے زیرِ تعمیر اسلام آباد کے نئے ہوائی اڈے کا افتتاح


انگریزی کے حروف تہجی ’’Y‘‘ کی شکل پر بنایا گیا یہ ہوائی اڈہ 19 مربع کلومیٹر پر پھیلا ہوا ہے اور اس ہوائی اڈے پر ساڑھے تین کلومیٹر طویل دو ’رن ویز‘ ہیں۔

ایک دہائی سے زائد عرصے سے زیرِ تعمیر اسلام آباد کے نئے ہوائی اڈے کا باقاعدہ افتتاح منگل کو کر دیا گیا ہے۔

ہوائی جہازوں کی آمد و رفت اور مسافروں کو ہینڈل کرنے کے اعتبار سے یہ ملک کا سب سے بڑا ہوائی اڈہ ہوگا جہاں سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے مطابق ہر سال نوے لاکھ مسافروں کو سفری سہولت فراہم کرنے کی گنجائش ہے۔

انگریزی کے حروف تہجی ’’Y‘‘ کی شکل پر بنایا گیا یہ ہوائی اڈہ 19 مربع کلومیٹر پر پھیلا ہوا ہے اور اس ہوائی اڈے پر ساڑھے تین کلومیٹر طویل دو ’رن ویز‘ ہیں۔

اس ہوائی اڈے کی تعمیر 2007ء سے جاری تھی لیکن مختلف وجوہات کی بنا پر اس کی تکمیل تاخیر کا شکار ہوتی رہی۔ بالآخر اب اس کے ذریعے جہازوں کی آمد و رفت کا آغاز ہو گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ اگرچہ یہ کوشش کی گئی ہے کہ اس ہوائی اڈے پر بین الاقوامی معیار کی تمام سہولتیں فراہم کی جائیں لیکن اُن کے بقول ابتدا میں اگر کچھ مشکلات ہوئیں بھی تو اُنھیں جلد دور کر دیا جائے گا۔

منگل کو ہوائی اڈے کے افتتاح کے بعد پاکستان کی قومی فضائی کمپنی ’پی آئی اے‘ کی کراچی سے آنے والی پرواز اس ہوائی اڈے پر اترنے والی پہلی پرواز بن گئی۔

نئے ہوائی اڈے پر عملے کے علاوہ مسافروں کو لانے اور لے جانے والی گاڑیوں کے لیے الگ پارکنگ بنائی گئی ہے جہاں 2500 تک گاڑیاں کھڑی کرنے کی گنجائش ہے۔

ہوائی اڈے کے باقاعدہ افتتاح سے قبل اس کی آزمائش کے لیے ’پی آئی اے‘ کے علاوہ پاکستان ایئر فورس کے کئی طیارے بھی یہاں اتارے گئے جن میں پاکستانی فضائیہ کے کم وزن کے تربیتی طیارے سپر مشاق سے لے کر بھاری بھر کم C-130 بھی شامل تھے۔

XS
SM
MD
LG