رسائی کے لنکس

کرس کرسٹی 2016ء کی صدارتی دوڑ میں شمولیت کا اعلان کریں گے


فائل فوٹو
فائل فوٹو

انہیں 2013ء میں بھاری اکثریت سے دوبارہ گورنر منتخب کر لیا گیا، اور 2016ء کے صدارتی انتخابات کے لیے اہم امیدوار سمجھا جاتا رہا ہے۔

نیو جرسی کے رپبلیکن گورنر کرس کرسٹی صدارتی انتخابات میں نامزدگی کے لیے اپنے امیدوار ہونے کا باضابطہ اعلان منگل کو لیونگسٹن شہر میں اپنے ہائی اسکول میں کریں گے۔

اس سے پہلے بہت سے امیدوار رپبلیکن پارٹی کی نامزدگی کے مقابلے میں حصہ لینے کا اعلان کر چکے ہیں۔

کرسٹی 2009ء میں ڈیموکریٹک اکثریتی ریاست نیو جرسی کے گورنر منتخب ہوئے، اور جلد ہی انہوں نے ٹاؤن ہال میٹنگز اور پریس کانفرنسوں میں عوام اور نامہ نگاروں کے ساتھ کھری اور بعض اوقات جارحانہ بات چیت سے قومی توجہ حاصل کر لی۔

انہیں 2013ء میں بھاری اکثریت سے دوبارہ گورنر منتخب کر لیا گیا، اور 2016ء کے صدارتی انتخابات کے لیے اہم امیدوار سمجھا جاتا رہا ہے۔

مگر ’برج گیٹ‘ نامی ایک اسکینڈل سامنے آنے کے بعد کرسٹی کے سیاسی اثر و رسوخ میں کمی واقع ہوئی ہے۔ ان پر الزام ہے کہ دوبارہ گورنر منتخب ہونے کی مہم کے دوران ایک مقامی میئر کی جانب سے کرسٹی کی حمایت سے انکار کے بعد ان کے تین معاونین نے انتقاماً ایک مصروف پل کو جزوی طور پر بند کرنے کا حکم دیا تھا۔

اس کے بعد نیو جرسی میں ان کی مقبولیت میں کمی آئی ہے اور صدارتی مہم کے متوقع بڑے عطیہ کنندگان اس سکینڈل سے ڈر گئے ہیں۔

کرسٹی رپبلیکن صدارتی دوڑ کے 14 ویں امیدوار ہیں، اور ان کا مقابلہ فلوریڈا کے گورنر جیب بش، ارب پتی ڈونلڈ ٹرمپ، سینیٹرز مارکو روبیو، رینڈ پال اور ٹیڈ کروز، اور لوزیانا کے گورنر بوبی جِنڈل سے ہے جنہوں نے گزشتہ ہفتے اپنے امیدوار ہونے کا اعلان کیا تھا۔

آنے والے ہفتوں میں دو مزید گورنروں، اوہائیو کے جان کیسچ اور وسکونسن کے اسکاٹ واکر کی طرف سے صدارتی مہم میں حصہ لینے کا اعلان متوقع ہے۔

XS
SM
MD
LG