رسائی کے لنکس

نئی پاکستانی فلم ’تمنا‘ ریلیز کے لیے تیار


پاکستان کی فلم انڈسٹری ’وار‘ جیسی کامیاب ترین فلم کے بعد ایک اور نئی فلم ’تمنا‘ مارچ میں ریلیز کرنے جا رہی ہے۔ اس فلم کے چرچے ابھی سے زبان زد عام ہو رہے ہیں۔

پاکستان فلم انڈسٹری کے لئے پچھلا سال یعنی 2013 بہت خوش نصیب رہا۔ ’زندہ بھاگ‘ ،
’وار‘ اور ’میں ہوں شاہد آفریدی‘ بلاک بسٹر ثابت ہوئیں اور اسی لئے شائقین فلم نے یہ امیدیں لگا لیں کہ سال 2014 میں مزید معیار ی فلمیں دیکھنے کو ملیں گی۔

نئے سال میں جو پہلی پاکستانی فلم سینما گھروں کی زینت بنے گی وہ ہے ’تمنا‘۔ ’تمنا‘ یوم ِپاکستان یعنی 23 مارچ کو ریلیز ہو گی۔ اس دن پاکستان میں عام تعطیل ہوتی ہے اس لئے فلم میکرز کو امید ہے کہ لوگ بڑی تعداد میں سینما کا رخ کریں گے۔

سارہ تاثیر کی پروڈکشن اور اسٹیون مور کی ڈائریکشن میں بننے والی ’تمنا‘ کو مکمل ہونے میں تین سال سے کچھ زیادہ عرصہ لگا۔ فلم کئی لحاظ سے لالی وڈ میں بننے والی فلموں سے مختلف ہے اور سارہ اور اسٹیون کی کوشش بھی یہی تھی کہ ان کی بنائی ہوئی فلم موجودہ ٹرینڈ سے ’ہٹ‘ کر ہو۔

سارہ تاثیر نے فلم کے بارے میں بات کرتے ہوئے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ، ’لوگ اکثرمجھ سے پوچھتے ہیں کہ فلم بنانے میں تین سال کیوں لگائے، تو میرا جواب بہت سادہ ہوتا ہے۔ دنیا کے بہت سے ملکوں میں اسٹوڈیو سسٹم موجود ہوتا ہے جبکہ پاکستان میں ایسا کچھ نہیں۔ یہاں تو انڈیپینڈنٹ فلم میکنگ چلتی ہے۔ لوگ خود ہی فنڈز جمع کرتے اور فلم بناتے ہیں‘۔

’تمنا‘میں مرکزی کردار ادا کرنے والی مہرین راحیل نے فلم کو شاندار تجربہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’تمنا‘ پاکستان میں فلم میکنگ کے معیار کو بلندی عطا کرے گی۔ مہرین کو توقع ہے کہ تمنا باکس آفس پر کامیابی کی جھنڈے گاڑے گی۔

فلم انڈسٹری میں مقام اور نام حاصل کرنے کی کوشش کرتے ایکٹر کے گرد گھومتی فلم تمنا کی کہانی میں انتقام، جرائم، جنون، کامیڈی اور میلو ڈرامہ سب ہی کچھ موجود ہے۔

’تمنا‘ کی کاسٹ میں شامل ہیں سلمان شاہد، عمر رانا، مہرین راحیل اور فریال گوہر۔ فلم کا اسکرین پلے اسٹیون مور اور اجلال خان نے لکھا ہے۔

روزنامہ’ ٹریبیون‘ کے مطابق ’تمنا‘ کے ساؤنڈ ٹریک نے ریلیز سے پہلے ہی داد اور تعریفیں سمیٹنی شروع کر دی ہیں۔ راحت فتح علی خان کی مدھ بھری آواز میں ساحر علی بگا کے کمپوز کردہ گانے ’کوئی دل میںه کو ’لندن ساؤتھ ایشین فلم فیسٹول‘ میں بہترین میوزک ٹیلنٹ کے ایوارڈ سے نوازا جا چکا ہے ۔
XS
SM
MD
LG