رسائی کے لنکس

آواز کی رفتار سے 27 گنا تیز روسی جوہری میزائل


ایون گارڈ ہائپر سونک گلائیڈ وہیکل

روس نے ایک ایسا نیا بین البراعظمی میزائل فوج کے حوالے کیا ہے جو آواز سے 27 گنا تیز سفر طے کرتے ہوئے ہدف کو نشانہ بناسکتا ہے۔ اس میزائل کو جمعہ کو روسی اسلحہ خانے میں شامل کیا گیا۔

روس کے وزیر دفاع سرگئی شوگو نے کہا ہے کہ اس ہتھیار کو شامل کرنے سے ملک کی جوہری صلاحیت بڑھ گئی ہے۔

روس کے صدر پوٹن نے ’ایون گارڈ ہائپر سونک گلائیڈ وہیکل‘ کو ٹیکنالوجی کے میدان میں گراں قدر اضافہ قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ ویسا ہی کارنامہ ہے جیسے سوویت یونین نے 1957ء میں پہلا سیٹلائٹ فضا میں روانہ کرکے انجام دیا تھا۔

دفاعی حکمت عملی پر نظر رکھنے والوں کا کہنا ہے کہ نیا روسی میزائل امریکہ کے لیے پریشانی کا باعث بن سکتا ہے۔ چین کے پاس بھی اسی طرح کا ہتھیار موجود ہے۔

ایون گارڈ کو بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کے ہمراہ داغا جاسکتا ہے۔ عام نیوکلیئر میزائل روانہ ہونے کے بعد متعین کردہ راستے ہی پر چلتا ہے۔ ایون گارڈ ہدف کو نشانے کے لیے فضا میں غیر معمولی نوعیت کی قلابازیاں کھا سکتا ہے اور اس کا تعاقب بہت مشکل ہوگا۔

سرگئی شوگو نے صدر پوٹن کو مطلع کیا کہ ایون گارڈ سے لیس مزائل لڑاکا دستے کے حوالے کردیے گئے ہیں۔ بعد ازاں اعلیٰ فوجی سربراہان کے ساتھ کانفرنس کال کے دوران شوگو نے کہا کہ ’’میں فوج اور قوم کو کامیابی کے اس سنگ میل پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔‘‘

اسٹریٹجک میزائل فورسز کے سربراہ جنرل سرگئی کاراکائیف نے کہا کہ ایون گارڈ کو جنوبی اڑل پہاڑی سلسلے کے اورنبرگ خطے میں واقع دستے کے حوالے کیا گیا ہے۔

پوٹن نے مارچ 2018ء میں خطاب کے دوران مستقبل کے جدید ہتھیاروں کے نظام کے طور پر ایون گارڈ کی رونمائی کی تھی۔ انھوں نے کہا تھا کہ ہدف پر جھپٹتے ہوئے اس کی غیر متوقع قلابازی کی صلاحیت اسے خصوصی اہمیت کا حامل بناتی ہے، جس کے باعث میزائل دفاع کا نظام ناکارہ ہوجاتا ہے۔

اس وقت پوٹن نے کہا تھا کہ ’’یہ شہاب ثاقت یا آتشی گولے کی طرح ہدف کو نشانہ بناتا ہے۔‘‘ اس کی تشکیل میں ایسا نیا عنصر استعمال کیا گیا ہے جس کی بدولت یہ 2000 سیلشئس (3632 فارن ہائٹ) کی تپش برداشت کرسکتا ہے۔

روسی فوج کا کہنا ہے کہ ایون گارڈ کی خصوصیت آواز کی رفتار سے 27 گنا تیز پرواز کی صلاحیت ہے۔ یہ دو میگاٹن وزن کا جوہری ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

اس ہفتے کے اوائل میں صدر پوٹن نے کہا تھا کہ روس ہی وہ واحد ملک ہے جو ہاپئرسونک ہتھیاروں سے لیس ہے۔

فیس بک فورم

XS
SM
MD
LG