رسائی کے لنکس

17 سالہ نوجوان نے 'پل اپس' کا عالمی ریکارڈ قائم کر لیا


امریکی ریاست ورجینیا سے تعلق رکھنے والے لینگلی ہائی اسکول جونیئر کے طالب علم اینڈریو شپیرو نے اپنے والد کی سرطان کےساتھ طویل جنگ سے متاثر ہونے کے بعد کینسر فنڈ ریزنگ ایونٹ کے لیے اپنی جسمانی مشقت وقف کرنےکا فیصلہ کیا تھا

ایک 17 سالہ امریکی طالب علم نے 24 گھنٹوں سے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ پل اپس مکمل کرنے کا عالمی ریکارڈ قائم کر لیا ہے۔

’واشنگٹن پوسٹ‘ کے مطابق ایتھلیٹ اینڈریو شپیرو نے فیئر فیکس ورجینیا کے 'ریلےفار لائف' ایونٹ کے دوران زیادہ سے زیادہ پل اپس کے لیے مسلسل تین عالمی ریکارڈ قائم کئے۔

امریکی ریاست ورجینیا سے تعلق رکھنے والے لینگلی ہائی اسکول جونیئر کے طالب علم اینڈریو شپیرو نے اپنے والد کی سرطان کے ساتھ طویل جنگ سے متاثر ہونے کے بعد کینسر فنڈ ریزنگ ایونٹ کے لیے اپنی جسمانی مشقت وقف کرنےکا فیصلہ کیا تھا۔

ہفتے کی صبح آٹھ بجے پل اپ (ایک مشق جس میں بازو کی مدد سے سر کے اوپر مقررہ ایک افقی بار پر خود کو اٹھایا جاتا ہے) میراتھن کا آغاز ہوا اور 6 گھنٹوں کے اندر اندر اینڈریو شپیرو نے 3,315 پل اپس مکمل کر کے ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔

دوسرے سیٹ میں 12 گھنٹوں کے دوران اینڈریو شپیرو نے 5,742 پل اپس مکمل کر لیے اور دوسرا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔

تیسرے سیٹ میں شپیرو نے صرف 15 گھنٹوں میں چیک کے کھلاڑی ین کیرس کا 24 گھنٹوں میں دنیا کے سب سے زیادہ پل اپس 6,800 مکمل کرنےکا ریکارڈ توڑ ڈالا، جو انھوں نے پچھلے سال جنوری میں قائم کیا تھا۔

تاہم، شپیرو نے عالمی ریکارڈ توڑنے کے بعد بھی ہمت نہیں ہاری اور پل اپس جاری رکھے اور18 گھنٹوں میں 7.306 پل اپس مکمل کر لیے۔

جس کے بعد اینڈریو شپیرو کا نام 15 گھنٹوں میں زیادہ سے زیادہ پل اپس مکمل کرنے والے شخص کی حیثیت سے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔

اینڈریو شپیرو کے خاندان نے اس یادگار کارنامے کی فلمبندی کرنے کے لیے تین ویڈیو کیمرے نصب کئے تھے جبکہ اس کی کوششوں کا 15 ججوں کی طرف سے مشاہدہ کیا گیا ،جنھوں نے گینیز بک کے لیے دستاویزی ریکارڈ تیار کیاہے۔

اس ایونٹ کے دوران شپیرو نے ناصرف پل اپس کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے، بلکہ اس نے امریکن کینسر سوسائٹی کے لیے 4000 ہزار ڈالر کا عطیہ بھی جمع کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG