رسائی کے لنکس

نیا سال، خوش بختی اور کھانا


نیا سال، خوش بختی اور کھانا
نیا سال، خوش بختی اور کھانا


کئی عشروں کی طرح اس سال بھی،دنیا بھر میں، مختلف ملکوں، علاقوں اور قوموں نے نئے سال کا استقبال اپنی اپنی روایات کے مطابق مختلف طریقوں سے کیا۔ کہیں نئے سال کا آغازگھنٹیاں بجانے کی قدیم روایت سے ہوا تو کہیں اس موقع پر خاص قسم کے پکوان اور پھل کھائے اور مشروب پیے گئے، جن کے بارے میں ان کا عقیدہ ہے کہ ان مخصوص چیزوں کے ساتھ ابتدا سے پورا سال ہنسی خوشی گذرتا ہے اور کہیں لوگوں نے نئے سال کا آغاز اپنے دل کو یہ تسلی دیتے ہوئے کیا کہ ایک برہمن نے کہاہے کہ یہ سال اچھا ہے

اگر آپ سے یہ پوچھا جائے کہ بکرے کے سر، سیب کے مربے سے بنے ہوئے ڈونٹ اور تیز مرچوں سے تیارکردہ شوربے میں کیا چیز مشترک ہے تو یقیناً آپ کا جواب ہوگا کہ کچھ بھی نہیں۔ لیکن ان تینوں میں ایک چیز جو مشترک ہے، وہ ہے سال کے 365 خوش قسمت دن۔ دنیا کے کئی ملکوں میں رہنے والے لوگوں کا یہ عقیدہ ہے اگر نئے سال کا آغاز ان چیزوں کے ساتھ کیا جائے تو سال بھر کے لیے ان پرخوشی قسمتی کے دروازے کھل جاتے ہیں۔

کئی علاقوں میں لوگ نئے سال کے موقع پر مختلف قسم کے گوشت کھانے کو خوش حالی کی علامت سمجھتے ہیں۔ کئی جگہوں پر مچھلی کی ڈش کو ترقی سے تعبیر کیا جاتا ہے۔ امریکہ میں اکثر و بیشتر ڈالر کو غالباً نوٹ کی رنگت کی وجہ سے ’گرین‘ یعنی سبز کہا جاتاہے۔ چنانچہ نئے سال کے آغاز کے موقع پر بعض گھرانوں میں کھانے کی میز کو سبز پتوں کی سبزیوں اور سلاد سے بطور خاص سجایا جاتا ہے کیونکہ ان کے خیال میں سبزے سے نئے سال کی ابتدا، سال بھر کے لیے مالی فراوانی لاتی ہے۔
کروشیا میں سال نو کے موقع پر بندگوبھی میں مختلف چیزیں بھر کو ایک خاص پکوان تیار کیا جاتا ہے جب کہ جرمنی کے اکثر باشندے بھی نئے سال کا آغاز سورکریٹ نامی بندگوبھی کی ایک مخصوص ڈش سے کرتے ہیں جب کہ اکثر امریکی اپنی میز یں کرم کلہ سے سجاتے ہیں۔

ایسے لوگوں کے لیے جو یہ چاہتے ہیں کہ چاہے وہ دنیا کے جس حصے میں بھی جائیں سال بھر خوش قسمتی ان کے ساتھ رہے، ان کے لیے دارالحکومت واشنگٹن میں ناگا ریسٹورانٹ خاص کھانے تیار کرتا ہے۔گیلن باب کک جو ہوٹل کے حصے دار اور ہیڈ شیف بھی ہیں، سال نو کے استقبال کے لیے سات کورسز پر مشتمل ایسے کھانے تیار کرتے ہیں جن میں دنیا بھر کی وہ ڈشیں شامل کی جاتی ہیں، جنہیں خوش بختی کی علامت سمجھا جاتا ہے۔

گیلن باب کک کہتے ہیں کہ ہم نے نئے سال سے منسلک خوشی قسمتی کے تصورات پر خوب غور کے بعد اسے سات بڑے حصوں میں تقسیم کیا جن میں سے ایک درازیِ عمر، دوسرا تحفظ، تیسرا دانائی، چوتھا خوش حالی، پانچواں پیار و محبت، چھٹا کامیابی اور ساتواں خوشیاں ہے۔

وہ کہتے ہیں کہ ہم نے نئے سال سے منسلک دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے ان ساتوں اہم پہلوؤں کو سامنے رکھتےہوئے، ان علاقوں کی مذہبی اور ثقاقتی روایات کے مخصوص کھانوں کو سال نو کے اپنے مینو کا حصہ بنایا ہے۔

وہ کہتے ہیں کہ ہمارے خصوصی کھانوں کا نمایاں پہلو صرف خوش بختی ہی نہیں ہے بلکہ ان کا خوش ذائقہ ہونا بھی ہے۔

وہ کہتے ہیں کہ چاہے آپ نصف شب کے ڈھلنے پر انگور کھانا چاہیں یا آپ کا دل نئے سال میں کامیابیوں کی خواہش کا خصوصی مشروب پینے کو چاہے، وہ سب کچھ آپ اس ریسٹورانٹ میں اپنے سامنے موجود پائیں گے۔

سال نو کے خصوصی پکوانوں اور مشروبات سے ہٹ سے، بھوک اور قحط کے شکار کروڑں لوگوں نے نئے سال کے آغاز کے موقع پر شاید صرف ایک تمنا کی ہوگی، سال بھر کے لیے دو وقت کی روٹی۔

XS
SM
MD
LG