رسائی کے لنکس

پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے کیوی اسکواڈ کا اعلان


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کرکٹ ٹیم دورۂ نیوزی لینڈ کے دوران 5 ون ڈے اور تین ٹی 20 میچز کی سیریز کھیلے گی۔

نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے ابتدائی دو میچوں کے لیے اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔

دائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے اوپنر مارٹن گپٹل کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جبکہ جارج ورکر اسکواڈ کا حصہ نہیں۔

مارٹن گپٹل گزشتہ ماہ انجری کے باعث ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں کیوی ٹیم کا حصہ نہیں تھے۔

نیوزی لینڈ کے سلیکٹر گیوین لارسن کا کہنا ہے کہ مارٹن گپٹل ورلڈ کلاس کھلاڑی ہیں، ان کی واپسی ٹیم کے لیے سود مند ثابت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ جارج ورکر کو ٹیم سے باہر رکھنا مشکل فیصلہ تھا لیکن اُنہیں واپسی کے مزید مواقع ملیں گے۔

میزبان ٹیم کے اسکواڈ میں کین ولیم سن (کپتان)، ٹوڈ ایسٹل، ڈاؤگ بریسویل، ٹرینٹ بولٹ، لوگی فرگوسن، مارٹن گپٹل، میٹ ہنری، ٹوم لاتھم، کولن منرو، ہنری نکولس، ٹم ساؤتھی اور راس ٹیلر شامل ہیں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم دورۂ نیوزی لینڈ کے دوران 5 ون ڈے اور تین ٹی 20 میچز کی سیریز کھیلے گی۔

ون ڈے سیریز کا افتتاحی میچ 6 جنوری کو ویلنگٹن میں کھیلا جائے گا جب کہ دیگر میچز 9، 13، 16 اور 19 جنوری کو کھیلے جائیں گے۔

تین ٹی 20 میچز کی سیریز کا پہلا میچ 22 جنوری کو ہوگا جبکہ دوسرا میچ 25 اور تیسرا 28 جنوری کو کھیلا جائے گا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک مجموعی طور پر 98 ایک روزہ بین الاقوامی میچز کھیلے جا چکے ہیں۔

پاکستان نے 53 میچوں میں کامیابی سمیٹی اور 42 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ایک میچ ٹائی رہا جبکہ دو میچوں کا نتیجہ برآمد نہ ہوسکا۔

ہوم سیریز میں کیوی ٹیم کا پلہ بھاری رہا ہے۔ دونوں ٹیمیں نیوزی لینڈ کی سرزمین پر 44 مرتبہ مدِ مقابل آئیں۔ 26 میچوں میں جیت کیوی ٹیم کا مقدر بنی جبکہ 15 میں پاکستان کو کامیابی ملی۔

XS
SM
MD
LG