رسائی کے لنکس

نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 22 رنز سے شکست دیدی


میچ میں شکست کے بعد پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات خاصے معدوم ہوگئے ہیں جب کہ نیوزی لینڈ نے گروپ 2 سے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔

بھارت میں جاری ٹی20 ورلڈ کپ کے سپر 10 مرحلے کے اہم میچ میں نیوزی لینڈ پاکستان کو 22 رنز سے ہرا کر ایونٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا ہے۔

منگل کو موہالی میں کھیلے جانے والے گروپ-2 کے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز بنائے۔

کیوی بلے بازوں نے ابتدا سے ہی جارحانہ کھیل پیش کیا اور کھل کر پاکستانی بالروں کا مقابلہ کیا۔

کیوی اوپنر مارٹن گپٹل نے 48 گیندوں پر 80 رنز بنائے جن میں تین چھکے اور 10 چوکے بھی شامل تھے۔ روزٹیلر 36 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے محمد سمیع اور شاہد آفریدی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جب کہ محمد عرفان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

جواباً پاکستان نے اننگز کی ابتدا میں 181 رنز کے ہدف کا جارحانہ تعاقب شروع کیا۔ اوپنر شرجیل خان نے 25 گیندوں پر 47 رنز بنا کر اچھا آغاز کیا۔ احمد شہزاد نے 30 رنز بنائے۔

تاہم بعد میں آنے والے بلے باز رنز کی وہ رفتار برقرار نہ رکھ سکے اور قومی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز ہی بناسکی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے مچل سینٹنر اور ایڈم ملنے نے بالترتیب 29 اور 26 رنز دے کر دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور پاکستان کے لیے ہدف کا حصول ناممکن بنادیا۔

گپٹل کو ان کی عمدہ بیٹنگ پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

آج کے میچ میں شکست کے بعد پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات خاصے معدوم ہوگئے ہیں جب کہ نیوزی لینڈ نے گروپ 2 سے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔

پاکستان اپنا آخری گروپ ہفتے کو آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گا۔

XS
SM
MD
LG