نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی دو مساجد میں جمعے کو ہونے والے حملے کے بعد ملک کی فضا سوگوار ہے جب کہ کرائسٹ چرچ کے شہری بڑی تعداد میں حملے کے متاثرین کو خراجِ عقیدت پیش کرنے اور مسلم کمیونٹی سے اظہارِ یکجہتی کے لیے جائے وقوع پر پھول رکھنے آ رہے ہیں۔
تصاویر: مساجد پر حملے کے بعد نیوزی لینڈ میں سوگ

1
کرائسٹ چرچ کے وسطی علاقے میں واقع مسجدِ نور اور لِن وڈ کے نواحی علاقے کی مسجد میں جمعے کو ایک مسلح شخص کی فائرنگ سے 49 افراد ہلاک اور 48 زخمی ہوئے تھے۔

2
پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور کی فائرنگ سے النور مسجد میں 41 جب کہ لِن وڈ کی مسجد میں سات افراد ہلاک ہوئے۔ ایک زخمی اسپتال میں دورانِ علاج جانبر نہ ہوسکا۔

3
حملے کے بعد نیوزی لینڈ خصوصاً کرائسٹ چرچ کی فضا سوگوار ہے۔ ہلاکتوں کے سوگ میں نیوزی لینڈ کا قومی پرچم سرنگوں ہے جب کہ ملک بھر میں سکیورٹی انتہائی الرٹ ہے۔

4
پولیس نے حملے میں ملوث ہونے کے شبہے میں جمعے کو تین افراد کو حراست میں لیا تھا جن میں سے ایک مرکزی ملزم کو ہفتے کو شہر کی ضلعی عدالت میں پیش کیا گیا۔ ملزم کی شناخت 28 سالہ آسٹریلوی شہری برینٹن ہیریسن ٹیرنٹ کے نام سے ہوئی ہے جسے حکام نے سفید فام نسل پرست قرار دیا ہے۔