رسائی کے لنکس

نیوزی لینڈ کے وزیراعظم مستعفی


وزیراعظم جان کی
وزیراعظم جان کی

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بطور ملک اور اپنی جماعت کے سربراہ کے ان کا تجربہ بہت ہی زبردست رہا۔

نیوزی لینڈ کے مقبول وزیراعظم جان کی حیران کن طور پر اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں۔

آٹھ سال تک اس منصب پر رہنے والے جان کی نے اس بات کا اعلان پیر کو کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ "اس فرض کی ادائیگی کے لیے میں جو کچھ کر سکتا تھا وہ کیا، یہ کام اس ملک کے لیے تھا جس سے مجھے محبت ہے۔ لیکن اچھے راہنماؤں کو پتا ہوتا ہے کہ جانے کا وقت کب ہے اور یہ ہی رخصت کا وقت ہے۔"

لرزاں آواز کے ساتھ مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے جان کی نے کہا کہ اس فرض کی ادائیگی کے دوران بہت سے ایسے لوگوں نے قربانیاں دیں جو میرے بہت ہی قریب ہیں۔

"میری اہلیہ برونا جنہیں بہت سا وقت اکیلے گزارنا پڑا، بہت سے ایسے مواقع جو ان کے لیے بہت اہم تھے میں ان کے ساتھ نہیں تھا۔ میری بیٹی اسٹیفی اور بیٹا میکس جو اس دوران جوان ہو چکے ہیں، انھیں اپنے والد کے کام کی وجہ سے اپنے معمولات میرے بغیر کی گزارنا پڑے۔"

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بطور ملک اور اپنی جماعت کے سربراہ کے ان کا تجربہ بہت ہی زبردست رہا۔

کی سیاست میں آنے سے قبل کرنسی کی خریدوفروخت سے وابستہ رہ چکے ہیں اور انھوں نے اپنے ملک کو 2008ء کے اقتصادی بحران سے نکالنے میں اہم کردار ادا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ "بہت ہی کم ملک ایسے ہیں جو ہم جیسی اقتصادی پوزیشن رکھتے ہیں، ہم مضبوط ہیں، ہم ترقی کر رہے ہیں، ہم روزگار کے مواقع پیدا کر رہے ہیں اور ہم بہت اچھی سمت میں بڑھ رہے ہیں۔"

توقع ہے کہ کی آئندہ ماہ اپنی جماعت کے اجلاس میں باضابطہ طور پر اپنا استعفیٰ پیش کریں گے۔

تاہم ان کا کہنا تھا کہ وہ بدستور پارلیمان کے رکن رہیں گے تاکہ آئندہ سال عام انتخابات سے قبل کسی ضمنی انتخاب سے بچا جا سکے۔

جان کی نے کہا کہ وہ اپنے جانشین کے طور پر اپنے نائب بل انگلش کی حمایت کریں گے۔

XS
SM
MD
LG