رسائی کے لنکس

نیوزی لینڈ نے پاکستان کو دوسرے ون ڈے میں بھی ہرا دیا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بارش رکی تو نیوزی لینڈ کو 11 اورز میں مزید 87 رنز بنانے تھے جو اُس نے مزید کوئی وکٹ گنوائے بغیر بآسانی بنالیے۔

نیوزی لینڈ نے دوسرے ایک روزہ انٹرنیشنل میچ میں پاکستان کو بآسانی آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں دو ۔ صفر کی برتری حاصل کرلی ہے۔

منگل کو نیلسن میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کیویز کو جیت کے لیے 247 رنز کا ہدف دیا تھا لیکن بارش سے متاثرہ میچ میں نیوزی لینڈی کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 25 اوورز میں 151 رنز کا نظر ثانی شدہ ہدف ملا جو اُس نے صرف 2 وکٹیں گنوا کر بآسانی حاصل کرلیا۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کو ترجیح دی لیکن ٹاپ آرڈر اس بار پھر ناکام رہا اور صرف 14 رنز پر اوپننگ جوڑی پویلین لوٹ گئی۔ اظہر علی 6 اور امام الحق 2 رنز ہی بناسکے۔

بابر اعظم بھی کیوی بولرز کے سامنے نہ ٹہر سکے اور 10 رنز بنانے کے بعد پویلین کی راہ لی۔

سینئر بلے باز محمد حفیظ اور شعیب ملک نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے مجموعی اسکور 84 رنز تک پہنچایا تو ٹیم پر دباؤ کچھ کم ہوا۔ لیکن اس موقع پر شعیب ملک 27 رنز بناکر محمد حفیظ کا ساتھ چھوڑ گئے۔

کپتان سرفراز اس میچ میں اچھی کارکردگی نہ دکھا سکے اور صرف تین رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

شاداب خان اور حسن علی نے نصف سینچریاں بنا کر ٹیم کو مشکل صورتِ حال سے نکالنے میں اہم کردار ادا کیا۔ دونوں نے بالترتیب 52 اور 51 رنز کی اننگز کھیلی۔

اس طرح پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 246 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کی طرف سے لوکی فرگوسن نے تین جبکہ ٹم سائوتھی اور ٹاڈ ایسٹل نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں کیویز کی اننگز کا آغاز بھی اچھا نہ رہا اور محمد عامر نے منرو کو بغیر کھاتہ کھولے پویلین واپس بھیج دیا۔

پہلے میچ میں شاندار سینچری بنانے والے کین ولیم سن اس میچ میں لمبی اننگز نہ کھیل سکے اور 19 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

نیوزی لینڈ نے 14 اورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 64 رنز بنائے تھے کہ بارش شروع ہوگئی۔

جب بارش رکی تو نیوزی لینڈ کو 11 اورز میں مزید 87 رنز بنانے تھے جو اُس نے مزید کوئی وکٹ گنوائے بغیر بآسانی بنالیے۔

گپٹل 87 اور راس ٹیلر 44 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ مارٹن گپٹل کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

پانچ ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز کا تیسرا میچ 13 جنوری کو ڈنیڈن میں کھلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG