رسائی کے لنکس

نیویارک: مقتول پولیس افسر کی آخری رسومات


40 سالہ راموس کے واقف کاروں کا کہنا ہے کہ وہ ایک مذہبی نوعیت کا شخص تھا اور وہ پاسٹر بننے کے لیے پڑھائی بھی کر رہا تھا۔

گزشتہ ہفتے نیویارک میں مسلح شخص کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے دو پولیس اہلکاروں میں سے ایک کی آخری رسومات کے سلسلے میں منعقدہ تقریب میں سینکڑوں پولیس افسران نے شرکت کی۔

مقتول اہلکار رافیل راموس کے پرچم میں لپٹے تابوت کو متعدد اہلکاروں نے کندھوں پر اٹھا کر چرچ پہنچایا جہاں درجنوں اہلکاروں نے اسے سلامی دی۔

اس موقع پر راموس کی بیوہ اور دونوں بیٹے بھی موجود تھے۔

راموس اور ان کے ساتھی اہلکار ونجیان لیو کو ایک مسلح شخص نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا جب وہ اپنے معمول کے فرائض کی ادائیگی کے دوران اپنی گاڑی میں بیٹھے تھے۔ بعد ازاں حملہ آور نے خود کو بھی گولی مار کر ہلاک کر لیا تھا۔

ہفتہ کو ہونے والی ان آخری رسومات میں توقع ہے کہ نائب امریکی صدر جو بائیڈن اور نیویارک کے میئر بل ڈی بلاسیو بھی شریک ہوں گے۔

دوسرے مقتول اہلکار کی آخری رسومات کے بارے میں تا حال اعلان نہیں کیا گیا۔

40 سالہ راموس کے واقف کاروں کا کہنا ہے کہ وہ ایک مذہبی نوعیت کا شخص تھا اور وہ پاسٹر بننے کے لیے پڑھائی بھی کر رہا تھا۔

امریکہ کی ایک فضائی کمپنی "جیٹ بلیو" نے پیشکش کی ہے کہ وہ راموس کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے آنے والے پولیس اہلکاروں کو مفت فضائی سروس فراہم کرے گی۔

بتایا جاتا ہے کہ امریکہ کے مختلف مقامات سے لگ بھگ سات سو پولیس افسران نے اس پیشکش کو قبول کر لیا ہے۔

XS
SM
MD
LG