رسائی کے لنکس

پاکستانی وزیراعظم کی نیویارک میں اہم ملاقاتیں


وزیراعظم نواز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے افتتاحی اجلاس میں شرکت کے بعد ایران كے صدر حسن روحانی سے بھی ملاقات کی۔

پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف نے منگل كو نیو یارک میں ایک مصروف دن گزارا۔ اقوامِ متحدہ كی جنرل اسمبلی كی افتتاحی تقریب میں شركت كے بعد انہوں نے مختلف سربراہانِ مملكت سے ملاقاتیں بھی کیں جس میں باہمی دلچسپی کے دو طرفہ تعلقات اور توانائی كے شعبوں میں تعاون پر بات چیت كی گئی۔

وزیرِاعظم نے عالمی مالیاتی ادارے 'آئی ایف ایم' كی مینجنگ ڈائریکٹر كرسٹین لگراڈ سے بھی ملاقات كی جس میں انہوں نے پاكستان میں معاشی اصلاحات اور خسارے كو كم كرنے سے متعلق حکومت كی كوششوں سے اُنھیں آگاہ کیا۔

ایران كے صدر حسن روحانی كے ساتھ ملاقات میں نواز شریف نے ایران پاكستان گیس پائپ لائن منصوبے سمیت توانائی كے شعبے میں مزید تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

دفتر خارجہ كے ترجمان كے مطابق پاكستان ایران گیس پائپ لائن منصوبہ جاری ہے اور پاكستان اس منصوبے کی تکمیل کے لیے مالی وسائل کے حصول کے لیے کام کر رہا ہے۔

گیس پائپ لائن منصوبے پر عمل درآمد کی صورت میں ممکنہ امریكی پابندیوں كے خطرے كے بارے میں اعزاز چوہدری كا كہنا تھا كہ "پاكستان سمجھتا ہے كہ ایران كے ساتھ گیس پائپ لائن كے منصوبے كو آگے بڑھانے سے پاكستان ان پابندیوں كی زد میں نہیں آئے گا۔"

وزیراعظم نواز شریف نے چین کے وزیر خارجہ سے بھی ملاقات کی اور ان سے كراچی اور لاہور کے درمیان ایک مرکزی شاہراہ 'موٹر وے' کی تعیمر سمیت ملک کے ان دو بڑے شہروں کے درمیان زیر زمین ٹرین كے منصوبوں پر بات كی۔

نواز شریف نے بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاونڈیشن كے شریک چیئرمین بل گیٹس سے ملاقات كی جس میں بل گیٹس نے پاكستان میں پولیو كے خاتمے كے لیے تعاون سمیت (انفارمیشن ٹیکنالوجی) آئی ٹی كے شعبے میں پاكستان میں سرمایہ كاری پر بات چیت كی۔
XS
SM
MD
LG