رسائی کے لنکس

'اگلے سال تک وبا ختم نہ ہوئی تو اولمپکس منسوخ کر دیے جائیں گے'


ٹوکیو اولمپکس کی انتظامی کمیٹی کے صدر کے مطابق اگر وائرس کو کنٹرول کر لیا گیا تو پھر اطمینان سے اگلے سال اولمپکس منعقد ہو سکیں گے۔
ٹوکیو اولمپکس کی انتظامی کمیٹی کے صدر کے مطابق اگر وائرس کو کنٹرول کر لیا گیا تو پھر اطمینان سے اگلے سال اولمپکس منعقد ہو سکیں گے۔

رواں سال ملتوی ہونے والے ٹوکیو اولمپکس کی انتظامی کمیٹی کے صدر یوشیرو موری نے کہا ہے کہ اگر اگلے سال تک بھی کرونا وائرس ختم نہ ہوا تو اولمپکس منسوخ کر دیے جائیں گے۔

ٹوکیو اولمپکس 2020 پہلے ہی ایک سال کے لیے ملتوی کیے جا چکے ہیں جس کے بعد انہیں اگلے سال یعنی 2021 میں 23 جولائی سے منعقد ہونا ہے تاہم یوشیرو موری کا کہنا ہے کہ اس کے بعد مزید التوا ممکن نہیں۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق ایک انٹرویو میں یوشیرو موری کا کہنا تھا کہ وبا پر قابو پانے میں زیادہ وقت لگنے سے اولمپکس میں تاخیر ہو گی لیکن اگر وائرس کنٹرول میں آگیا تو پھر ہم اطمینان سے اگلے سال اولمپکس منعقد کریں گے۔ کرونا وائرس کے خلاف جنگ ایک غیرمرئی دشمن سے لڑنے کے مترادف ہے۔

یوشیرو موری کا یہ بھی کہنا تھا کہ انسانی صحت کھیلوں سے زیادہ اہم ہے۔

دوسری جانب جاپان میڈیکل ایسوسی ایشن کے سربراہ یوشیتاکے یوکوکورا نے بھی منگل کو ہی اس بات سے خبردار کیا کہ کرونا وائرس کو کنٹرول کرنے کے لیے اگر کوئی ویکسین نہ بن سکی تو اگلے سال بھی ٹوکیو اولمپکس کا انعقاد مشکل ہوگا۔

ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں کبھی بھی یہ نہیں چاہوں گا کہ ٹوکیو اولمپکس منعقد نہ ہوں لیکن ایسا بہت مشکل سے ہی ممکن ہو سکے گا۔

جاپانی منتظمین اور بین الاقوامی اولمپکس کمیٹی نے کھلاڑیوں اور کھیلوں کی انجمنوں کے شدید دباؤ کے باعث ٹوکیو اولمپکس کو ایک سال تک ملتوی کرنے پر اتفاق کیا تھا۔

منتظمین اور جاپانی عہدے داروں کا کہنا ہے کہ ایک سالہ التوا پر بھی سوالیہ نشانات لگ گئے ہیں۔ یہ سوچا جا رہا ہے کہ آیا ایک سال کا التوا بھی کافی ہے یا نہیں۔

XS
SM
MD
LG