اقوام متحدہ نے ماہرین کی ایک ٹیم نائیجریابھیجی ہے جو وہاں ماحول میں سیسے کی موجودگی کے باعث دو سو سے زائد بچوں کی ہلاکت کی چھان بین کرے گی۔
عالمی ادارہ صحت اور بچوں سے متعلق اقوام متحدہ کے ادارے یونیسف کے ماہرین اپنے دو ہفتوں پر محیط دورے میں ملک کی شمالی ریاست زمفارا کے کئی دیہات میں مٹی اور پانی کے نمونے حاصل کریں گے۔
عالمی تنظیم کا کہنا ہے کہ اس قدرتی لیکن زہریلی دھات نے 18ہزار سے زائد افراد کو متاثر کیا ہے۔ حکام اس آلودگی کو مقامی افراد کی طرف سے مٹی میں سونے کی تلاش سے منسلک کر رہے ہیں۔
اقوام متحدہ کی ٹیم مقامی ماہرین صحت کے ساتھ مل کر متاثرین کو طبی امداد بھی فراہم کر رہی ہے۔ ٹیم میں شامل ماہرین زہر آلود مٹی کو صاف مٹی سے تبدیل کرنے کی منصوبہ بندی بھی کر رہے ہیں۔