رسائی کے لنکس

امیگریشن تنازع پر حکومت دوبارہ بند ہونے کا خدشہ نہیں: ڈیموکریٹ سینیٹر ڈربن


ڈہموکریٹک سنیٹر ڈک ڈربن صدر ٹرمپ سے امیگریشن کے بارے میں بات کر رہے ہیں۔ فائل فوٹو
ڈہموکریٹک سنیٹر ڈک ڈربن صدر ٹرمپ سے امیگریشن کے بارے میں بات کر رہے ہیں۔ فائل فوٹو

سینیٹر ڈربن نے کہا کہ وہ حکومت کے دوبارہ بند ہونے کا خدشہ محسوس نہیں کرتے لیکن اُنہیں یہ اُمید ہے کہ مچ میکانل اپنے وعدے کے مطابق امیگریشن سے متعلق بل بحث کیلئے کانگریس میں لے آئیں گے

ڈیموکریٹک پارٹی کے سینئر راہنما سینیٹر ڈک ڈربن نے کہا ہے کہ اُنہیں اس ہفتے جمعرات تک نوجوان امیگرنٹس کو تحفظ دینے کے مسئلے پر کسی پیش رفت کی توقع نہیں ہے۔ تاہم اس مسئلے پر جمعرات کو دوبارہ امریکی حکومت بند ہو نے کا خطرہ بھی موجود نہیں ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ امریکی کانگریس نے اُن 7 لاکھ کے لگ بھگ نوجوان امیگرنٹس کی قسمت کا فیصلہ کرنے کیلئے ابھی تک کوئی پیش رفت نہیں کی ہے جو اپنے والدین کے ہمراہ کم عمری میں امریکہ آئے تھے اور اب تک اُن کی حیثیت غیر قانونی امیگرنٹ کی ہے۔ عرف عام میں اُنہیں ’ڈریمرز‘ کہا جاتا ہے۔

کانگریس کی طرف سے حکومت کے اُمور چلانے کیلئے عارضی فندنگ کی منظوری اس جمعرات کو ختم ہو رہی ہے اور کانگریس مزید فنڈنگ کی منظوری نہیں دیتی تو جمعرات سے ایک بار پھر حکومت بند ہونے کا خطرہ ہو سکتا ہے۔

ڈک ڈربن نے کہا کہ DAKA طرز کے کسی سمجھوتے کی فوری توقع نہیں ہے۔ تاہم وہ ہر روز فون پر اور بالمشافحہ ملاقاتوں میں پوری کوشش کر رہے ہیں کہ دونوں جماعتوں کے درمیان کوئی سمجھوتہ طے پا جائے۔ دونوں جماعتوں میں اختلافات کے باعث فنڈنگ منظور نہ ہونے کے سبب گزشتہ ماہ تین روز کیلئے حکومت بند رہی تھی۔ بعد میں سنیٹ میں رپبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے اکثریتی راہنما مچ میکانل کی طرف سے اس یقین دہانی پر ڈیموکریٹک پارٹی عارضی طور پر فنڈنگ جاری کرنے پر رضامند ہو گئی تھی کہ وہ امیگریشن سے متعلق بل بحث و مباحثے کیلئے کانگریس میں لائیں گے۔

سینیٹر ڈربن نے کہا کہ وہ حکومت کے دوبارہ بند ہونے کا خدشہ محسوس نہیں کرتے لیکن اُنہیں یہ اُمید ہے کہ مچ میکانل اپنے وعدے کے مطابق امیگریشن سے متعلق بل بحث کیلئے کانگریس میں لے آئیں گے تاکہ امریکہ میں رہنے والے لاکھوں افراد کی قسمت کا فیصلہ ہو سکے۔

ڈربن رپبلکن پارٹی کے ساتھ میگریشن کے مسئلے کا حل تلاش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور اُنہوں نے سی این این کو انٹرویو دیتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ اس بارے میں پیش رفت کا حقیقی امکان موجود ہے۔

ڈیموکریٹک پارٹی ڈریمرز کے بارے میں تحفظ کے بل کو قانونی شکل دینے پر اصرار کرتی رہی ہے جنہیں سابق صدر اوباما نے عارضی طور پر قانونی حیثیت دینے کا اعلان کیا تھا جن سے اُنہیں امریکہ میں بغیر کسی خوف کے تعلیم حاصل کرنے اور ملازمت کرنے کا عارضی حق حاصل ہو گیا تھا۔

صدر ٹرمپ نے گزشتہ برس ستمبر میں کہا تھا کہ وہ یہ پروگرام 5 مارچ تک ختم کر دیں گے۔ اُنہوں نے کانگریس پر زور دیا تھا کہ وہ اس بارے میں وقت سے پہلے ضروری پیش رفت کرے۔

XS
SM
MD
LG