رسائی کے لنکس

ڈاکٹرز نور الحسن کے کامیاب آپریشن کے لیے پرامید


صادق آباد کے رہائشی نور الحسن کو وزن 320 کلو گرام ہے۔
صادق آباد کے رہائشی نور الحسن کو وزن 320 کلو گرام ہے۔

موٹاپے کا شکار صادق آباد کے رہائشی نور الحسن کی سرجری جمعے کو لاہور کے نجی اسپتال میں کی جائے گی جس کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

نور الحسن کے معالج ڈاکٹر معاذ الحسن نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ جمعے کی صبح نور الحسن کا آپریشن شروع کیا جائے گا، جو اڑھائی سے تین گھنٹے پر مشتمل ہو گا۔

ان کے بقول نور الحسن کی لیپروسکوپی کی جائے گی جس میں مریض کے جسم سے اضافی چربی نکالی جاتی ہے۔

ڈاکٹر معاز کا کہنا ہے کہ نور الحسن کو انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں منتقل کر دیا گیا ہے، ان کا تفصیلی طبی معائنہ کیا گیا ہے اور آج دیگر ڈاکٹرز کی ایک خصوصی میٹنگ میں یہ طے کیا گیا ہے کہ جمعے کو نور الحسن کا آپریشن کیا جائے گا۔

ڈاکٹرز پر امید ہیں کہ سرجری کے بعد بتدریج نور الحسن کا وزن کم ہو گا جبکہ آئندہ دو سال میں وہ اپنا وزن 200 کلو گرام تک کم کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

نور الحسن کو چند روز قبل لاہور کے شالامار ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں ان کے مختلف ٹیسٹ جاری تھے۔

نور الحسن کا کہنا ہے کہ وہ عرصہ دراز سے بستر تک ہی محدود تھے۔
نور الحسن کا کہنا ہے کہ وہ عرصہ دراز سے بستر تک ہی محدود تھے۔

صادق آباد کے رہائشی نور الحسن کا وزن 320 کلو گرام ہے اور وہ چلنے پھرنے سے قاصر ہیں۔

نور الحسن نے چند روز قبل ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے علاج کی اپیل کی تھی جس کے بعد فوجی ہیلی کاپٹر کے ذریعے انھیں لاہور کے اسپتال منتقل کیا گیا۔

نورالحسن کو صادق آباد میں واقع ان کی گھر کی بیرونی دیوار توڑ کر نکالا گیا تھا جبکہ انھیں مال بردار گاڑی کے ذریعے ہیلی پیڈ تک پہنچایا گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG