رسائی کے لنکس

شمالی امریکہ کے رہنما کینیڈا میں ماحولیاتی تبدیلی پر بات کریں گے


کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو
کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو

اجلاس میں برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی اور اس کے تجارت اور عالمی معیشت پر اثرات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

امریکہ کے صدر براک اوباما بدھ کو کینیڈا کے شہر اوٹاوا میں نارتھ امریکن لیڈرز سمٹ یعنی شمالی امریکہ کے رہنماؤں کے سربراہ اجلاس میں ماحولیاتی تبدیلی پر بات چیت کریں گے۔

کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو اور میکسیکو کے صدر اینریکے پینیا نیئتو کے ہمراہ صدر اوباما پورے براعظم پر مشتمل ماحولیات سے متعلق ایک شراکت داری کا اعلان کریں گے جس کا مقصد 2025 تک شمالی امریکہ کی نصف بجلی غیر نامیاتی ذرائع سے پیدا کرنا ہو گا۔

اس وقت براعظم شمالی امریکہ کی صرف ایک تہائی سے کچھ اوپر بجلی توانائی سے صاف ذرائع مثلاً جوہری، شمسی، ہوا، اور پانی سے حاصل کی جاتی ہے۔

امریکہ اور کینیڈا نے پہلے ہی آئندہ دہائی میں میتھین گیس کے اخراج کو 2012 کی سطح سے 40 سے 45 فیصد کم کرنے، بحر منجمد شمالی کے مزید زمینی اور سمندری علاقوں کو محفوظ بنانے اور صاف توانائی کی ٹیکنالوجی کے فروغ کا عزم کر رکھا ہے۔

امید ہے کہ صدر پینیا نیئتو بھی اس مقصد کے حصول میں اپنے ملک کے عزم کا اظہار کریں گے۔

آئندہ آٹھ سالوں کے دوران صاف توانائی کی پیداور کو دوگنا کرنے کے منصوبے میں میکسیکو کو اضافی چیلنجوں کا سامنا ہے۔ انٹرنیشنل انرجی ایسوسی ایشن کے مطابق میکسیکو اس وقت 18 فیصد توانائی صاف ذرائع سے حاصل کرتا ہے مگر ملک میں قانون سازی کے ذریعے 2024 تک صاف توانائی کو 35 فیصد تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

بدھ کو ہونے والے اجلاس میں تجارت کے فروغ پر بھی بات چیت کی جائے گی۔

وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ سربراہ اجلاس ’’شمالی امریکہ کی اہمیت اجاگر‘‘ کرنے کا ایک موقع ہے۔

اجلاس میں برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی اور اس کے تجارت اور عالمی معیشت پر اثرات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ اگرچہ یورپی رہنماؤں اور برطانیہ اس سلسلے میں مذاکرات کریں گے مگر وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ شمالی امریکہ کے ممالک کو اس فیصلے کے مضمرات اور نتائج پر مختلف شراکت داروں سے بات چیت کرنی چاہیئے۔

XS
SM
MD
LG