رسائی کے لنکس

شمالی کوریا اور ملائیشیا کے درمیان سفارتی کشیدگی میں اضافہ


کوالالمپور میں شمالی کوریا کے سفارتخانے کے باہر عملے کا رکن پولیس سے بات کر رہا ہے۔
کوالالمپور میں شمالی کوریا کے سفارتخانے کے باہر عملے کا رکن پولیس سے بات کر رہا ہے۔

دونوں ملکوں کے درمیان اس کشیدگی کا آغاز گزشتہ ماہ اُس وقت ہوا، جب شمالی کوریا کے راہنما کم جونگ اُن کے سوتیلے بھائی کم جونگ نام کوالالمپور میں ایک ہوائی اڈے پر حملے میں ہلاک ہو گئے تھے۔

ملائیشیا اور شمالی کوریا کے سفارتی تعلقات مزید کشیدہ ہو گئے ہیں۔

ملائیشیا نے شمالی کوریا کے تمام باشندوں بشمول سفارت خانے کے عملے کو ملک چھوڑنے سے روک دیا ہے جب کہ شمالی کوریا نے اپنے ملک میں موجود ملائیشیا کے تمام شہریوں کی واپسی پر پابندی عائد کر دی ہے۔

دونوں ملکوں کے درمیان اس کشیدگی کا آغاز گزشتہ ماہ اُس وقت ہوا، جب شمالی کوریا کے راہنما کم جونگ اُن کے سوتیلے بھائی کم جونگ نام کوالالمپور میں ایک ہوائی اڈے پر حملے میں ہلاک ہو گئے تھے۔

واضح رہے کہ دونوں ملکوں نے اپنے ہاں تعینات سفیروں کو بھی ملک بدر کر دیا تھا۔

ملائیشیا کے وزیراعظم نجیب رزاق نے کہا کہ شمالی کوریا نے اُن کے ملک کے شہریوں کو ’’یرغمال‘‘ بنا رکھا ہے۔

اُنھوں نے اس اُمید کا اظہار بھی کیا کہ شمالی کوریا اس فیصلے کو فوری طور پر واپس لے لے گا، تاکہ مزید کشیدگی سے بچا جا سکے۔

شمالی کوریا کی طرف سے اس فیصلے کا اعلان سرکاری ٹیلی ویژن پر کیا گیا، جس میں کہا گیا کہ یہ پابندی اُس وقت تک برقرار رہے گی جب تک ملائیشیا میں شمالی کوریا کے شہریوں کے تحفظ کی ضمانت نہیں مل جاتی۔

شمالی کوریا کے راہنما کم جونگ اُن کے سوتیلے بھائی پر کوالالمپور کے ہوائی اڈے پر 13 فروری کو زہریلے مواد ’وی ایکس‘ سے حملہ کیا گیا اور ملائیشیا میں عہدیداروں کے مطابق اس حملے کے بعد 15 سے 20 منٹ میں کم جونگ نام کی ہلاکت ہوئی۔

ہوائی اڈے پر لگے نگرانی کے کیمرے ’سی سی ٹی وی‘ کی فوٹیج کے مطابق دو خواتین کم جونگ نام کے چہرے پر کچھ مواد لگاتے ہوئے نظر آئیں۔

ملائیشیا کی ایک عدالت کی طرف سے انڈونیشیا اور ویتنام سے تعلق رکھنے والی ان دونوں خواتین پر کم جونگ نام کے قتل کی فرد جرم عائد کی گئی ہے۔

ملائیشیا میں پولیس کم جونگ نام کی موت سے متعلق تحقیقات میں شمالی کوریا کے بعض شہریوں سمیت مشتبہ افراد کی تلاش میں ہے۔

شمالی کوریا کی طرف سے کم جونگ نام کی موت کی تاحال تصدیق نہیں کی گئی ہے جب کہ شمالی کوریا نے اس بارے میں ملائیشیا کی طرف سے کی جانے والی تحقیقات کو بھی مسترد کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG