رسائی کے لنکس

شمالی کوریا: امریکی شہری کے خلاف مقدمہ 14 ستمبر کو


میتھیو ٹوڈ ملر
میتھیو ٹوڈ ملر

ملر نے کہا انہیں اپنے بارے میں الزامات کا اس وقت تک پتہ نہیں چلے گا جب تک ان کے مقدمے کی سماعت شروع نہیں ہو جاتی۔

شمالی کوریا نے اپنے ہاں قید تین امریکی شہریوں میں سے ایک کے خلاف مقدمے کی سماعت 14 ستمبر سے شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

سرکاری نیوز ایجنسی 'کے سی این اے' کے مطابق میتھو ملر کو رواں سال اپریل میں اس وقت حراست میں لیا گیا جب انھوں نے پیانگ یانگ پہنچنے پر مبینہ طور پر اپنا ویزہ پھاڑتے ہوئے یہاں پناہ کا مطالبہ کیا۔

ملر اور دو دوسرے امریکی شہریوں کینتھ بائی اور جیفری فاؤل کو حال ہی میں امریکی صحافیوں کے سامنے پیش کیا گیا جس میں ان قیدیوں نے مطالبہ کیا کہ اعلیٰ امریکہ نمائندہ شمالی کوریا کا دورہ کر کے ان کی رہائی کی براہ راست اپیل کرے۔

بائی نے جو شمالی کوریا میں 15 سال قید کی سزا کاٹ رہے ہیں نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ ان کی صحت خراب ہورہی ہے جبکہ ملر نے کہا کہ ان کا معاملہ 'فوری توجہ' چاہتا ہے۔

ملر نے کہا انہیں اپنے بارے میں الزامات کا اس وقت تک پتہ نہیں چلے گا جب تک ان کے مقدمے کی سماعت شروع نہیں ہو جاتی۔ فاؤل نے کہا کہ ان کو ان سے روا رکھے جانے والے سلوک کے بارے میں تو کوئی شکایت نہیں ہے لیکن وہ مایوس ہورہے ہیں۔ وہ اپنے خلاف مقدمہ شروع ہونے کا انتظار کر رہے ہیں۔

سی این این اور ایسوسی ایٹڈ پریس سے منسلک صحافیوں کے مطابق انہیں ان انٹرویوز سے متعلق پہلے سے نہیں بتایا گیا تھا اور انہیں اچانک دارالحکومت پیانگ یانگ طلب کرکے ہر قیدی کے ساتھ پانچ، پانچ منٹ گفتگو کرنے کی اجازت دی گئی۔

بائی کی بہن ٹیری چنگ کا کہنا ہے کہ ویڈیو انٹرویو سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ ان کا بھائی جسمانی تکلیف میں ہے اور بہت زیادہ دباؤمیں ہے۔ انہوں نے شمالی کوریا کے عہدیداروں سے اپیل کی ہے کہ ان کو رہا کیا جائے۔


عیسائی مبلغ کو نومبر 2012 میں اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب شمالی شہر راسن میں سیاحوں کے گروپ کی قیادت کر رہے تھے۔ انہیں اپریل 2013 میں مبینہ طور پر پیانگ یانگ حکومت کے"مخالف اقدام" کرنے پر 15 سال کی قید بامشقت کی سزا دی گئی۔

فاؤل جو اپریل میں کوریا میں داخل ہوئے، کو مئی میں مبینہ طور پر شمالی کوریا کے قانون کی خلاف ورزی کرنے پر گرفتار کیا گیا۔

امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکہ اپنے شہریوں کی رہائی کے لیے 'بھر پور کوشش' کرے گا۔

XS
SM
MD
LG