رسائی کے لنکس

امریکہ اورجنوبی کوریا کے خلاف ‘مقدس جنگ‘ کی دھمکی


شمالی کوریا کی قومی دفاعی کمیشن نے ہفتےکو دھمکی دی ہےکہ اگر امریکہ اورجنوبی کوریا شڈول کےمطابق اتوار سے بحیرہٴ جاپان میں شروع ہونے والی بحری مشقوں میں شریک ہوتے ہیں تو وہ اُن کے خلاف ‘مقدس جنگ’ کا آغاز کرے گا۔

پیانگ یانگ نے کہا ہے کہ وہ ملک کےجوہری ہتھیاروں کے بل بوتے پر بحری مشقوں کا جواب دے گا۔

جب کبھی جنوبی کوریا اور امریکہ مشترکہ فوجی مشقیں کرتے ہیں، شمالی کوریا عموماً اِس طرح کی دھمکیاں دیتا ہے۔

امریکی محکمہٴ خارجہ کے ترجمان پی جے کراؤلی نے کہا ہے کہ امریکہ چاہتا ہے کہ شمالی کوریا ‘اشتعال دلانے والے الفاظ کا استعمال کم اور تعمیری اقدام میں اضافہ کرے۔’

امریکی وزیرِ خارجہ ہلری کلنٹن، جو اِس وقت آسیان تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لیے ویتنام میں ہیں، کہا ہے کہ شمالی کوریا ایک ‘تنہا اور جھگڑالو’حکومت ہے جو کہ اشتعال انگیزی اور خطرناک رویے پر کاربند ہے۔

اِس سے قبل اِسی ہفتے کلنٹن نے شمالی کوریا کے خلاف نئی معاشی پابندیوں کا اعلان کیا۔ شمالی کوریا کی وزارتِ خارجہ نے ہفتے کو کہا کہ اِن قدغنوں کا مقابلہ ‘مادی طور پر مضبوط’اقدامات سے کیا جائے گا۔

مجوزہ مشقوں کے بارے میں شمالی کوریا کے ترجمان، رِی ٹونگ اِل نے کہا کہ یہ اُن کے ملک کی خودمختاری کے لیے ایک خطرہ ہیں۔

XS
SM
MD
LG