رسائی کے لنکس

شمالی کوریا کو دہشت گردی کی سرپرستی کرنے والے ملکوں کی فہرست میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ


امریکی صدر باراک اوباما نے فیصلہ کیا ہے کہ شمالی کوریا کو امریکہ کی اس مخصوص فہرست میں شامل نہیں کیا جائے گا جن میں ان ملکوں کے نام ہیں جو دہشت گردی کی سرپرستی کرنے والی ریاستیں سمجھی جاتی ہیں۔بدھ کو امریکی کانگریس کے نام اپنے خط میں صدر اوباما نے کہا کہ ان کے خیال میں شمالی کوریا اس زمرے میں نہیں آتا۔

سابق صدر جارج بش نے پیانگ یانگ کا نام اس فہرست سے 2008ء میں اس وقت نکال دیا تھا جب شمالی کوریا کے ساتھ اس کے متنازع جوہری پروگرام پر مذاکرات ہورہے تھے۔ لیکن امریکی سینٹ کے بعض ارکان پیانگ یانگ کا نام دوبارہ اسی فہرست میں شامل کرنے کے مطالبے کرتے چلے آرہے ہیں کیونکہ شمالی کوریا نے حال ہی میں جوہری اور میزائل تجربے کیے ہیں۔

ادھر بدھ کو جنوبی کوریا کے دورے پر گئے ہوئے معاون امریکی وزیرخارجہ کرٹ کیمبل نے کہا ہے کہ واشنگٹن شمالی کوریا سے اس وقت تک مستقل امن کے معاہدے پر بات چیت نہیں کرے گاجب تک وہ دوبارہ مذاکرات کی میز پر نہیں آتا۔

شمالی کوریا کا مئوقف ہے کہ وہ اس کے جوہری پروگرام پر چھ ملکی مذاکراتی عمل پر اس وقت تک شامل نہیں ہوگا جب تک امریکہ 1953ء میں کورین جنگ کے اختتام پر طے پانے والے معاہدے کو تبدیل کرنے کے لیے بات چیت نہیں کرتا۔پیانگ یانگ یہ مطالبہ بھی کررہا ہے کہ اقوام متحدہ ان پابندیوں کو بھی ختم کرے جو شمالی کوریا کے جوہری تجربے کی پاداش میں لگائی گئی تھیں۔

معاون امریکی وزیرخارجہ کیمبل کے بقول ان تمام امور پر امریکہ چھ ملکی مذاکراتی فریم ورک کے اندر رہ کر بات کرے گا۔

XS
SM
MD
LG