رسائی کے لنکس

شمالی کوریا کی امریکی شہری کو تحویل میں لینے کی تصدیق


میرل نیومین (فائل فوٹو)
میرل نیومین (فائل فوٹو)

نیومین کی اہلیہ نے ان کی رہائی کے لیے پیانگ یانگ سے درخواست کرتے ہوئے اس معاملے کو ’’سنگین غلط فہمی‘‘ قرار دیا ہے۔

امریکہ نے کہا ہے کہ شمالی کوریا نے یہ تسلیم کر لیا ہے کہ ایک امریکی شہری اُس کی تحویل میں ہے۔

محکمہ خارجہ کی ترجمان جین ساکی نے جمعہ کو بتایا کہ شمالی کوریا نے پیانگ یانگ میں سویڈن کے سفارت خانے کو اس بارے میں مطلع کیا۔

سویڈن کا سفارت خانہ شمالی کوریا میں امریکہ کے مفادات کو بھی دیکھتا ہے کیوں کہ واشنگٹن کے پیانگ یانگ کے ساتھ براہ راست سفارتی تعلقات نہیں ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ نے شمالی کوریا کی تحویل میں اپنے شہری کی شناخت کے بارے میں کچھ نہیں بتایا، تاہم رواں ہفتے 85 سالہ میرل نیومین کے خاندان نے میڈیا کو بتایا تھا کہ مسٹر نیومین کو شمالی کوریا میں تحویل لیا گیا ہے۔

نیومین کے خاندان والوں کا کہنا تھا کہ وہ وزٹ یعنی سیر کے مصدقہ ویزے پر شمالی کوریا گئے تھے۔

دوسری طرف نیومین کی اہلیہ نے ان کی رہائی کے لیے پیانگ یانگ سے درخواست کرتے ہوئے اس معاملے کو ’’سنگین غلط فہمی‘‘ قرار دیا ہے۔

نیومین کی اہلیہ لی نے جمعہ کو کہا کہ انھیں اپنے شوہر کی صحت کے بارے میں کچھ معلوم نہیں اور نہ ہی یہ پتا ہے کہ انھیں بھیجی جانے والے ادویات انھیں موصول بھی ہوئیں یا انھیں کیوں حراست میں رکھا گیا ہے۔

کہا جاتا ہے کہ کیلیفورنیا کے رہائشی 85 سالہ میرل نیومین کو اکتوبر اواخر میں اُس وقت شمالی کوریا میں تحویل میں لیا جب وہ امریکہ واپس جانے کے لیے جہاز میں سوار ہو چکے تھے۔

نیومین اپنے ایک پڑوسی باب ہمرڈلا کے ہمراہ شمالی کوریا آئے تھے، مسٹر ہمرڈلا کو امریکہ واپس جانے کی اجازت دے دی گئی تھی۔
XS
SM
MD
LG