رسائی کے لنکس

معید یوسف کی امریکی ہم منصب سے ملاقات، افغان تنازع بات چیت کا محور


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان کے مشیر برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے امریکی ہم منصب جیک سلیوان سے ملاقات کی ہے۔ اس موقع پر افغان تنازع سمیت دیگر امور پر بات چیت ہوئی ہے۔

یہ ملاقات ایسے موقع پر ہوئی ہے جب امریکہ کے افغانستان سے مکمل اںخلا کا عمل آخری مراحل میں ہے اور طالبان اور افغان سیکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپیں بھی جاری ہیں۔

معید یوسف نے جمعے کو اپنے ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ امریکی ہم منصب سے واشنگٹن ڈی سی میں ہونے والی ملاقات دراصل حال ہی میں جنیوا میں ہونے والی ملاقات کا تسلسل ہے۔

ان کے بقول اس ملاقات کے دوان دوطرفہ تعلقات سمیت خطے اور عالمی معاملات سے متعلق باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت ہوئی۔

معید یوسف نے کہا کہ جیک سلیوان سے ملاقات میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان باہمی تعاون کو برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔

دوسری جانب امریکہ کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے کہا ہے کہ پاکستانی ہم منصب سے ملاقات میں خطے کے روابط اور سیکیورٹی امور پر بات چیت ہوئی ہے۔

ان کے بقول "ہم نے افغانستان میں جاری تشدد میں فوری کمی کی ضرورت اور تنازع کے سیاسی حل کے لیے مذاکرات پر تبادلۂ خیال کیا ہے۔"

واضح رہے کہ افغانستان میں جاری حالیہ تشدد کی لہر سے متعلق امریکہ کی جانب سے مسلسل تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ واشنگٹن ڈی سی نے فریقین کو مذاکرات شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

البتہ طالبان اب تک افغانستان کے متعدد اضلاع پر قبضے کر چکے ہیں اور افغان سیکیورٹی فورسز کو جنگجوؤں کی پیش قدمی روکنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

XS
SM
MD
LG