رسائی کے لنکس

میکسیکو: 'لاپتا افراد کی تعداد 30 ہزار تک پہنچ گئی'


میکسیکو میں لاپتا ہونے والے بعض افراد کی تصاویر (فائل فوٹو)
میکسیکو میں لاپتا ہونے والے بعض افراد کی تصاویر (فائل فوٹو)

میکسیکو کے انسانی حقوق سے متعلق قومی کمیشن نے جمعرات کو کہا کہ میکسیکو میں مشکوک حالات میں لاپتا ہونے والے افراد کی تعداد 30 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جن میں اکثر کا تعلق منشیات کی اسمگلنگ اور اس سے منسلک تشدد کے واقعات سے ہے۔

اینرک پینا نیئٹو کے صدر بننے کے فوری بعد 2013ء کے آغاز میں میکسیکو کی حکومت کی طرف سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں مبینہ طور "لاپتا" ہونے والے افراد کی تعداد 26 ہزار بتائی گئی۔

تاہم اب کمیشن نے کہا کہ " لاپتا" ہونے والے افراد کی تعداد 30 ہزار تک پہنچ گئی ہے اور منشیات کا شکار شمالی ریاست تمولیپاس میں لاپتا ہونے والے افراد کی تعداد 5,563 ریکارڈ کی گئی ہے جو باقی ریاستوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے۔

کمیشن نے کہا کہ میکسیکو کی 32 وفاقی ریاستوں میں سے چھ نے لاپتا افراد کے بارے میں پوچھنے پر کوئی جواب نہیں دیا ہے۔

کمیشن نے کہا کہ اسے گزشتہ ایک دہائی کے دوران میکسیکو بھر میں 855 اجتماعی قبروں کا سراغ ملا ہے جن سے 1,548 لاشیں دریافت ہوئی ہیں جن میں زیادہ تر مردوں کی ہیں۔ کمیشن نے مزید کہا کہ ان میں نصف سے زیادہ لاشوں کی شناخت کر لی گئی ہے۔

گزشتہ ایک دہائی کے دوران میکسیکو میں منشیات سے منسلک تشدد کے واقعات میں ایک لاکھ سے زائد افراد ہلا ک ہوئے۔

XS
SM
MD
LG