رسائی کے لنکس

شمالی وزیرستان میں مبینہ عسکریت پسندوں کے خلاف فوجی کارروائی


پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز نے جمعہ کے روز گن شپ ہیلی کاپٹروں سے عسکریت پسندوں کے مشتبہ ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔

قبائلی ذرائع کے مطابق یہ کارروائی مرکزی قصبے میران شاہ کے نواحی علاقے میں افغان مہاجرین کےلیے قائم کیمپ میں موجود ایک انتہائی مطلوب شدت پسند کی گرفتاری کے لیے کی گئی۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ کارروائی مبینہ مطلوب عسکریت پسند کی طرف سے مزاحمت کے بعد شروع کی گئی۔

حکام نے اس علاقے میں کرفیو نافذ کررکھا ہے اس لیے اس کارروائی میں ہونے والے جانی نقصان کے بارے میں تفصیلات حاصل نہیں ہو سکی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق متاثرہ علاقے سے لوگوں نے محفوظ مقامات کی طرف کی نقل مکانی بھی شروع کر رکھی ہے۔

دریں اثناء شمالی وزیرستان سے ملحقہ جنوبی وزیرستان اور مالاکنڈڈویژن میں بھی عسکریت پسندوں کے خلاف فوجی کارروائی جاری ہے ۔ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ یعنی آئی ایس پی آر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں تازہ کارروائیوں میں جنوبی وزیرستان میں تین جب کہ سوات پانچ شدت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے ۔

واضح رہے کہ رواں مہینے کے دوران بغیر پائلٹ کے مبینہ امریکی جاسوس طیاروں سے شمالی وزیرستان میں شدت پسندوں کے مشتبہ ٹھکانوں پر تقریباً 12 میزائل حملے کیے گئے جن میں اطلاعات کے مطابق 70 کے لگ بھگ عسکریت پسند مارے گئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG