رسائی کے لنکس

گرفتار مبینہ شدت پسند ذہنی مسائل کا شکار رہا ہے: اہل خانہ


ایمینوئیل لچمین (فائل فوٹو)
ایمینوئیل لچمین (فائل فوٹو)

عدالت میں جمع کروائی گئی دستاویزات کے مطابق ایمینوئیل کا بیرون ملک رابطہ تھا اور وہاں سے اس پر زور دیا گیا کہ وہ داعش سے اپنی حمایت ظاہر کرے اور سال نو کے موقع پر "دس لاکھ کفار" کو قتل کرنے کی کارروائی کا منصوبہ بنائے۔

نیویارک میں سال نو کے موقع پر ایک بار پر داعش کی طرف سے حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کرنے کے الزام میں گرفتار شخص کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ وہ بچپن ہی سے ذہنی مسائل کا شکار چلا آرہا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ 25 سالہ ایمینوئیل لچمین 2006ء سے قانون کی خلاف ورزیوں کا مرتکب ہوتا رہا ہے اور پھر ڈکیتی کے جرم میں پانچ سال قید کی سزا کاٹنے کے دوران ہی اس نے اسلام قبول کر لیا تھا۔

اس شخص پر داعش کو مواد فراہم کرنے میں معاونت کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے "ایف بی آئی" کا کہنا ہے کہ ایمینوئیل نے داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی سے حلف وفاداری اٹھا رکھا تھا اور وہ امریکہ چھوڑ کر داعش کی خلافت میں جانا چاہتا تھا۔

نوجوان کے والد عمر لچمین نے امریکی نشریاتی ادارے ’این بی سی نیوز‘ کو بتایا کہ "یہ لڑکا متاثر ہو جاتا ہے، پہلے یہ بلڈ اور پھر کرپ نامی غنڈوں کے گروہ میں شامل ہوا، پھر یہ مسلمان ہو گیا، اسے آسانی سے استعمال کیا گیا۔"

ایمینوئیل کے والد اور دادی بیورلی کاریڈائس نے نیوز نیٹ ورک کو بتایا کہ وہ شادی شدہ ہے اور اس کا دو سال کا ایک بیٹا بھی ہے جب کہ اس کی ازدواجی زندگی بھی مسائل کا شکار رہی ہے۔

عدالت میں جمع کروائی گئی دستاویزات کے مطابق ایمینوئیل کا بیرون ملک رابطہ تھا اور وہاں سے اس پر زور دیا گیا کہ وہ داعش سے اپنی حمایت ظاہر کرے اور سال نو کے موقع پر "دس لاکھ کفار" کو قتل کرنے کی کارروائی کا منصوبہ بنائے۔

عدالت میں پیش کی گئی ان دستاویزات میں کہا گیا کہ ایمینوئیل نے خود کو خنجروں اور ایک تلوار سے مسلح کیا اور ایک شخص کے ساتھ گاڑی پر جاتے ہوئے اس نے روچسٹر میں ایک بار یا ریستوران کی طرف اشارہ کیا۔ بعد ازاں اس نے تصدیق کی کہ یہ اس کا ہدف ہو سکتا تھا۔

مخبر نے حکام کو بتایا کہ ایمینوئیل نے اس سے کہا کہ "اس کے بعد یہ سب حقیقت میں تبدیل ہو جائے گا۔ صرف میں، تم اور خدا ہو گا، ہمیں یہ کرنا ہے۔ اگر ہم کسی کو قابو کریں تو وہ زندہ نہیں بچ سکتا۔"

نائب اٹارنی جنرل جون کارلن نے بھی اس مبینہ منصوبے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ "شکر ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اس قابل ہوئے کہ اور انھوں نے ایمینوئیل کے ہلاکت خیز منصوبے کو ناکام بنایا۔"

نیویارک کے گورنر اینڈریو کیومو نے ایک بیان میں کہا کہ "ایمینوئیل کی گرفتاری عالمی دہشت گردی سے متعلق ایک اہم یاد دہانی ہے۔"

XS
SM
MD
LG