رسائی کے لنکس

مسلمان اور پاکستانی نژاد تنظیمیں بن لادن کی ہلاکت پر مشترکہ بیان دیں گی


مسلمان اور پاکستانی نژاد تنظیمیں بن لادن کی ہلاکت پر مشترکہ بیان دیں گی
مسلمان اور پاکستانی نژاد تنظیمیں بن لادن کی ہلاکت پر مشترکہ بیان دیں گی

امام حافظ عبدالقدیر کا کہنا ہے کہ اُن کی کوشش رہتی ہے کہ اپنے خطبے میں سیاست سے دور ہی رہیں۔ اِس لیے وہ اپنے خطبے میں بن لادن کی ہلاکت کا ذکر نہیں کریں گے، بلکہ لوگوں کو صرف دین کی باتیں بتائیں گے

نیویارک کےعلاقے اسٹیٹن آئی لینڈ میں پاکستانی نژاد آبادی کی سب سےبڑی مسجد ایک ہائی سکول کے سامنے واقع ہے۔ ’مسجد النّور‘ کے امام، غلام رسول نہ صرف مقامی پاکستانی امریکی تنظیموں میں فعال ہیں بلکہ مسلم کاؤنسل آف امریکہ کےنائب صدربھی ہیں۔

بن لادن کی ہلاکت کے بعد پہلے جمعے کے خطبے میں اُنہیں کیا کہنا ہے اِس کے بارے میں اُنہوں نے پہلے سے سوچنا شروع کر دیا ہے۔

اُن کا کہنا ہے کہ وہ سب سے پہلےتو خدا کا شکر ادا کریں گے اور پھر اپنی برادری کو یہ بتائیں گے کہ القاعدہ جیسی تنظیموں سے دور رہیں:’’اِس سے ہمارا ذاتی نقصان بھی ہوتا ہے، ہمارے مذہب کا نقصان ہوتا ہے، اور دنیا بھر میں مسلمانوں کا تاثر خراب ہوتا ہے۔‘‘

امام رسول اور کمیونٹی کے دیگر لیڈروں کو اِس بات کی بھی فکر ہے کہ اگر اس واقعے کے جواب میں کسی پاکستانی یا مسلمان کو لفظی یا عملی تعصب یا کسی نازیبا حرکت کا سامنہ کرنا پڑا تو اُس سے کیسےنمٹنا ہوگا۔

امام رسول کا کہنا ہے کہ وہ لوگوں کو بتائیں گے کہ اُنہیں امریکیوں سے کیسے اور کیا بات کرنی ہے اور میڈیا میں پاکستان کے بارے میں ابھرنے والے منفی تاثر کو کیسے زائل کرنا ہے۔

دوسری طرف نیو یارک کے مشہور علاقے جیکسن ہائیٹس کی جامع مسجد حنفیہ کے امام حافظ عبدالقدیر کا کہنا ہے کہ ان کی کوشش رہتی ہے کہ اپنے خطبے میں سیاست سے دور ہی رہیں۔ اِس لیے وہ اپنے خطبے میں بن لادن کی ہلاکت کا ذکر نہیں کریں گے بلکہ لوگوں کو صرف دین کی باتیں بتائیں گے۔

جمعے کے دن نیو یارک کی مسلمان اور پاکستانی امریکن تنظیمیں مل کر بن لادن کی ہلاکت پر ایک مشترکہ بیان دیں گی۔

XS
SM
MD
LG