رسائی کے لنکس

نیو یارک: 50 فیصد گھرانوں میں انگریزی نہیں بولی جاتی


ذرائع کے مطابق، نیو یارک شہر میں ’یونیورسٹی آف میری لینڈ‘ کے پروگرام ’اسٹار ٹاک‘ کے تحت، اردو، ہندی، عربی اور چینی زبان سمیت، کُل 10 زبانیں سکھائی جا رہی ہیں، جن میں حال ہی میں کورین زبان کا بھی اضافہ کیا گیا ہے

امریکہ کے سب سے بڑے تجارتی مرکز، نیو یارک کے 50 فیصد گھرانوں میں انگریزی کی بجائے کوئی اور زبان بولی جاتی ہے۔ تارکین وطن کے اس شہر میں اردو سمیت 11 دیگر بین الااقوامی زبان سکھانے کے لئے وفاقی حکومت کی فنڈنگ سے پروگرام شروع کیا گیا ہے۔

’یونیورسٹی آف میری لینڈ‘ کے زیر سایہ ’اسٹار ٹاک‘ پروگرام کے تحت، کنڈر گارٹن سے لے کر 16 سال کی عمر تک کے بچوں کو اردو لکھنا پڑھانا سکھانے کے لئے 15 دن کا خصوصی کورس شروع کیا گیا ہے، جس کے دوران انھیں مفت لنچ بھی دیا جاتا ہے۔

ایسا ہی ایک پروگرام چلانے والے ادارے، ’علامہ اقبال کمیونٹی سنٹر، بروکلین‘ کے تحت، گزشتہ دنوں نیویارک کے ایک پبلک اسکول میں گریجویشن تقریب منعقد ہوئی اور 50 بچوں کو اردو کا خصوصی کورس مکمل کرنے پر اسناد دی گئیں۔

اس موقع پر خطاب میں بروکلین بورو کے صدر، ایرک ایل ایڈم نے اعتراف کیا کہ نیویارک شہر کے 50 فیصد گھرانوں کی زبان انگریزی نہیں، بلکہ کوئی اور ہے۔

ایرک ایڈم کا کہنا تھا کہ ’امریکہ کی خوبصورتی یہی ہے کہ یہاں جداگانہ حثیت کی حامل نسلوں پر مشتمل کمیونٹی آباد ہے، جن کے درمیان بہترین ہم آہنگی پوری دنیا کے لئے ایک مثال ہے‘۔

ان کے بقول، ’ہم چاہتے ہیں کہ کمیونٹی کی یہ جداگانہ حثیت قائم رہے اور امریکی معاشرہ مختلف ثقافتوں کا گلدستہ ثابت ہو۔ اس کے لئے ہر کمیونٹی کو اپنی زبان اور ثقافت کو زندہ رکھنے میں مدد فراہم کرتے ہیں‘۔

اردو سکھانے کے پروگرام کی رابطہ کار، علامہ اقبال کمیونٹی سنٹر بروکلن سے تعلق رکھنے والی تعلیم داں، مسز فوزیہ کہتی ہیں کہ ان کا ادارہ گزشتہ تین برس سے اب تک سینکڑؐں بچوں کو اردو زبان سکھا چکا ہے۔

فوزیہ خان کے مطابق، ’گھروں میں ماں باپ تو اپنی زبان میں بات کرتے ہیں، لیکن بچے اسکولوں میں انگریزی سیکھتے ہیں جس کی وجہ سے بچوں اور والدین کے درمیان رابطہ باقی نہیں رہتا۔ اس پروگرام سے یہ تعطل دور کرنے میں مدد ملی ہے‘۔

اُنھوں نے بتایا کہ، اردو، ہندی، عربی اور چینی زبان سمیت یونیورسٹی آف میری لینڈ کے پروگرام ’اسٹار ٹاک‘ کے تحت، اس وقت کل 10 زبانیں سکھائی جا رہی ہیں، جن میں حال ہی میں کورین زبان کا بھی اضافہ کیا گیا ہے۔

اسی پروگرام کے تحت، ’بروکلن ری بیلڈ ایمگرینٹس کمیونٹیز اینڈ نالج‘ اور ’یوتھ آرگنائزیشن آف پاکستان‘ کے اشتراک سے بھی اردو سکھانے کا ایک پروگرام نیویارک میں جاری ہے جس میں رجسٹرڈ بچوں کی تعداد اس وقت سینکڑوں تک پہچ چکی ہے۔

اس پروگرام کے کوآرڈینٹر شاہد خان کا کہنا ہے کہ ’یونیورسٹی آف میری لینڈ‘ کا ’فارن لینگویج سنٹر‘ بچوں کو اردو سکھانے کے علاوہ اردو زبان کے ٹیچرز کی ٹریننگ اور دیگر ادبی پروگراموں کی بھی سرپرستی کر رہا ہے، تاکہ دنیا کے مختلف علاقوں سے یہاں آکر آباد ہونے والوں کی زبان اور ثقافت کو ترقی دی جا سکے۔

شاہد خان کی نگرانی میں ’اردو ٹیچرز ٹریننگ‘ کا ایک پروگرام نیویارک یونیورسٹی میں جاری ہے، جبکہ ان کے ادارے ’الائنس آف پاکستان اردو اسٹیڈیز‘ کے زیر اہتمام ستمبر میں تین روزہ قومی اردو کانفرنس بھی نیویارک یونیورسٹی میں ہی منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG