رسائی کے لنکس

کانگریس معاشی ترقی اورنئی ملازمتوں کے لیے کام کرے: صدر اوباما


امریکی صدر براک اوباما نے کانگریس پر زور دیا ہے کہ وہ ضروری کاموں کی فہرست پر عمل کرے جس سے معیشت ترقی کرے گی اور روزگار کے نئے مواقع پیداہوں گے۔

صدر اوباما نے اپنے ہفتہ وار ریڈیو خطاب میں ان کاموں کا ذکر کیا جو ان کے بقول کیے جانے ضروری ہیں۔ ان میں کانگریس کی جانب سے ان امریکیوں کی مدد بھی شامل ہے جو اپنے گھروں کی قسطوں میں کمی کے لیے دوبارہ قرضہ لینے کی کوششیں کررہے ہیں۔

مسٹر اوباما نے کانگریس پر یہ زور بھی دیا کہ وہ ان کمپنیوں کی ٹیکس رعایت ختم کرے جو ملازمتیں بیرون ملک منتقل کررہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کی بجائے قانون سازوں کو چھوٹے کاروباروں کو ٹیکس میں رعایت دینے کے لیے کام کرنا چاہیے تاکہ وہ ملک کے اندر زیادہ لوگوں کو روزگار فراہم کرسکیں۔

صدر اوبامانے اپنے ریڈیو خطاب میں کہاکہ کانگریس کو شفاف توانائی سے متعلق کمپنیوں کے لیے ٹیکس کریڈٹ بڑھانا چاہیے اور افغانستان اور عراق سے واپس آنے والے فوجیوں کی مدد کرنی چاہیے۔

جب کہ ری پبلیکن پارٹی کی جانب سے ہفتے وار ریڈیو خطاب میں جنوبی ڈکوٹا کی رکن کانگریس کرسٹی نومن نے کہا کہ صدر اوباما کی انتظامیہ کی پالیسیوں کے باعث روزگار کے نئے مواقعوں کو دھچکا لگا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیموکریٹ اکثریتی سینیٹ روزگار سے متعلق اس بل کو پاس کرانے میں ناکام رہی ہے جسے ری پبلیکن اکثریتی ایوان نمائندگان نے منظور کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG