رسائی کے لنکس

جان برینن کے موقف کی حمایت کرتے ہیں، وہائٹ ہاؤس


فائل
فائل

'وہائٹ ہاؤس' کے ترجمان جوش ارنسٹ نے صحافیوں کو بتایا کہ صدر اوباما کانگریس کی رپورٹ پر جان برینن کے موقف کی حمایت کرتے ہیں۔

'وہائٹ ہاؤس' نے کہا ہے کہ صدر براک اوباما 'سی آئی اے' کے متنازع تفتیشی حربوں سے متعلق رپورٹ پر ایجنسی کے سربراہ جان برینن کے موقف کی حمایت کرتے ہیں۔

'سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی (سی آئی اے)' کے ڈائریکٹر جان برینن نے جمعرات کو ایک پریس کانفرنس میں 'سی آئی اے' کے متنازع تفتیشی طریقوں کے متعلق کانگریس کی رپورٹ میں عائد بیشتر الزامات کو رد کردیا تھا۔

جان برینن نے ایجنسی حکام کی جانب سے ماضی میں بارہا کیے جانے والے ان دعووں کو دہرایا تھا کہ مشتبہ دہشت گردوں سے پرتشددتفتیش کے نتیجے میں امریکہ کو دہشت گرد حملوں سے بچانے میں مدد ملی تھی۔

خیال رہے کہ امریکی سینیٹ کی انٹیلی جنس کمیٹی نے رواں ہفتے ایک رپورٹ جاری کی ہے جس میں 'سی آئی اے' کی جانب سے گیارہ ستمبر 2001ء کے بعد امریکہ کی جانب سے حراست میں لیے جانے والے مبینہ دہشت گردوں اور مشتبہ افراد کے ساتھ دورانِ تفتیش غیر انسانی سلوک روا رکھنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق 'سی آئی اے' نے دنیا بھر میں موجود اپنے خفیہ حراستی مراکز میں قید مشتبہ افراد سے تفتیش کے دوران ایسے طریقے استعمال کیے جو بین الاقوامی اور خود امریکی قوانین میں بھی ممنوع اور بہیمانہ تصور کیے جاتے ہیں۔

رپورٹ میں امریکی قانون سازوں نے 'سی آئی اے' کے ان دعووں کو مسترد کیا ہے کہ تحقیقات کے ان پرتشدد طریقوں کے ذریعے ایجنسی اہلکاروں کو مشتبہ افراد سے ایسی معلومات اگلوانے میں کامیابی ملی تھی جس کے نتیجے میں امریکہ پر دہشت گردوں کے کئی ممکنہ حملوں کو ناکام بنادیا گیا۔

جمعرات کو اپنی پریس کانفرنس میں 'سی آئی اے' کے سربراہ نے تسلیم کیا تھا کہ 'سی آئی اے' نے ستمبر 2001ء کے بعد مشتبہ افراد سے تفتیش کے دوران نامناسب طریقے اختیار کیے تاہم ساتھ ہی انہوں نے ایجنسی اہلکاروں اور اس کے تفتیشی پروگرام کا دفاع کیا۔

جان برینن کا کہنا تھا کہ ایجنسی کو تحقیقات کے "ان بہتر طریقوں" کی مدد سے قابلِ قدر معلومات حاصل ہوئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ 'سی آئی اے' کے تفتیشی افسران کی جانب سے اختیار کیے جانے والے ان طریقوں کو "پرتشدد" نہیں کہیں گے۔

جمعے کو معمول کی پریس بریفنگ کے دوران 'وہائٹ ہاؤس' کے ترجمان جوش ارنسٹ نے صحافیوں کو بتایا کہ صدر اوباما کانگریس کی رپورٹ پر جان برینن کے موقف کی حمایت کرتے ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ جان برینن کے بیان سے ظاہر ہوتا ہےکہ وہ 'سی 'آئی اے' کے منفی تفتیشی ہتھکنڈوں پر پابندی سے متعلق صدر اوباما کے اس فیصلے کی مکمل حمایت کرتے ہیں جس کا اعلان انہوں نے 2009ء میں امریکی صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد کیا تھا۔

اس سوال پر کہ نامناسب طریقے اختیار کرنے والے 'سی آئی اے' اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی کیوں نہیں کی گئی؟ 'وہائٹ ہاؤس' کے ترجمان کا کہنا تھا کہ استغاثہ اس بارے میں تحقیقات کا فیصلہ خود کرے گا اور اس معاملے میں 'وہائٹ ہاؤس' کوئی مداخلت نہیں کرے گا۔

XS
SM
MD
LG