رسائی کے لنکس

دہشت گردی کی سرپرستی، کیوبا کا نام منہا ہونے کا امکان


دورہٴجمیکا کے دوران، مسٹر اوباما نے کہا ہے کہ عالمی امور میں کیوبا کے اقدامات سے متعلق امریکی محکمہٴخارجہ کی رپورٹ مکمل ہوچکی ہے، اور اب وہ اپنے مشیروں کی سفارشات کے منتظر ہیں

امریکی صدر براک اوباما نے جمعرات کے روز بتایا کہ وہ بہت جلد اس بات کا فیصلہ کرنے والے ہیں آیا کمیونسٹ کیوبا کو اُن ممالک کی فہرست سے نکالا جائے، جن کے لیے امریکہ یہ سمجھتا ہے کہ وہ دہشت گردی کی سرپرستی کرتے ہیں۔

صدر دورہٴجمیکا پر ہیں۔ مسٹر اوباما نے کہا کہ عالمی امور میں کیوبا کے اقدامات سے متعلق امریکی محکمہٴخارجہ کی رپورٹ مکمل ہوچکی ہے، اور اب وہ اپنے مشیروں کی سفارشات کے منتظر ہیں۔

گذشتہ برس جب اُنھوں نے پانچ عشروں کی رنجش ختم کرنے کا اعلان تھا، امریکی سربراہ نے بہت پہلے بتا دیا تھا کہ وہ اس جزیرہ نما ملک کو اُس فہرست سے نکالنے کے خواہاں ہیں، جس کا مقصد دونوں ملکوں کے مابین سفارتی تعلقات کو عام سطح پر لانا ہے۔

شام، ایران اور سوڈان وہ دیگر تین ملک ہیں جو امریکہ کی اِس فہرست میں شامل ہیں، جن پر عالمی دہشت گردی کی حمایت جاری رکھنے کا الزام ہے۔

مسٹر اوباما کا فیصلہ اس ہفتے کے اواخر میں سامنے آسکتا ہے، جب وہ اور کیوبا کے صدر رئول کاسترو امریکی براعظموں کے سربراہ اجلاس میں شرکت کے سلسلے میں پاناما میں موجود ہوں گے۔
مسٹر اوباما کے بقول، ’اس عمل کے دوران، ہم حقائق پر انحصار کرتے رہے ہیں‘۔

اُنھوں نے کہا کہ ’ہم اِس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ وہ ممالک جو دہشت گردی کے اصل حامی ہیں، اُنھیں الگ تھلگ کرنے کا یہ ایک مضبوط ہتھیار ہے، اور پھر جب ہم اس بات کا تعین کرلیتے ہیں، تو ہمارے پاس اس بات کے ٹھوس ثبوت موجود ہوتے ہیں۔ اور، یہی معاملہ ہے۔ اور جب حالات بدلتے ہیں، پھر یہ فہرست بھی اُسی اعتبار سے بدلتی ہے‘۔

XS
SM
MD
LG