رسائی کے لنکس

طوفان قطرینہ سے تباہ علاقے کی تعمیر نو قابل تحسین ہے: صدر اوباما


دس سال قبل تباہ کن طوفان ہریکین قطرینہ سے کم ازکم 1800 افراد ہلاک اور ایک لاکھ گھر تباہ ہو گئے تھے۔

امریکہ کے صدر براک اوباما نے دس سال قبل آنے والے تباہ کن طوفان ہریکین قطرینہ سے شدید متاثر ہونے والے علاقے نیو اورلینز کو بحال کیے جانے کی تعریف کی ہے۔

دس سال قبل اس طوفان سے کم ازکم 1800 افراد ہلاک اور ایک لاکھ گھر تباہ ہو گئے تھے۔

شہر کے دورے کے موقع پر صدر نے نئے تعمیر ہونے والے کمیونٹی سنٹر میں لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "آپ اس چیز کی ایک مثال ہیں کہ سانحے اور مشکلات میں اچھے لوگ کیسے ہاتھ بڑھانے کے لیے متحد ہوتے ہیں۔ اینٹ سے اینٹ، بلاک سے بلاک آپ لوگوں نے ایک بہتر مستقبل تعمیر کیا۔"

انھوں نے شدید تباہی کے بعد نیو اورلینز کی بحالی کے ضمن میں "قابل تحسین ترقی" کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ "تعمیر نو کا یہ منصوبہ صرف یہی نہیں تھا کہ اس شہر کو ویسا ہی بنایا جائے جیسا یہ پہلے تھا بلکہ یہ ایسا تھا جیسا کہ اسے ہونا چاہیے۔ ایک ایسا شہر جہاں اس سے قطع نظر کہ کوئی کیسا دکھتا ہے، کوئی کیا ہے اور اس کے پاس کتنے پیسے ہیں، سب کو یکساں موقع دینا ہے۔"

اس موقع پر صدر نے عالمی منڈیوں میں در آنے والی مندی کے حوالے سے کہا کہ امریکہ کے پاس اب بھی "بہترین پتے ہیں۔۔۔ہمیں صرف انھیں صحیح طور سے کھیلنا ہے۔"

29 اگست 2005ء کو آنے والے طوفان بادو باراں سے نیو اورلینز کا 80 فیصد علاقہ پانی میں ڈوب گیا تھا۔

خلیج میکسیکو کے قریب واقع اس شہر میں موسلادھار بارشوں کے ساتھ ساتھ 280 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں نے تباہی مچا دی تھی۔

صدر اوباما نے کہا کہ "دنیا نے بھی اس دہشت کو دیکھا اور ہم نے بھی دیکھا کہ بڑھتے ہوئے پانیوں نے نیو اورلینز کی گلیوں کو غرق کر دیا، لوگ چھتوں پر محصور ہو گئے۔ جو ایک قدرتی آفت سے شروع ہوا وہ انسان کی پیدا کردہ تباہی میں تبدیل ہو گیا، حکومت اپنے ہی شہریوں کی دیکھ بھال کرنے میں ناکام رہی۔"

قطرینہ سے تقریباً 135 ارب ڈالر سے زائد کا نقصان ہوا تھا اور یہ امریکہ میں ساحلی علاقے میں ہونے والی سب سے بڑی تباہی تھی۔

صدر نے لوگوں کو قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے تیار کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

"ماحولیاتی تبدیلی کی وجہ سے ہمیں اور بھی شدید موسم دیکھنا ہوں گے، شدید خشک سالی، جنگلوں کی ہلاکت خیز آتشزدگی اور شدید طوفان۔ اسی لیے نئی اور بہتر زندگی میں اضافے کے لیے کی جانے والی کوششوں میں ہم فطری نظام اور ویٹ لینڈز پر بھی سرمایہ کاری کر رہے ہیں جو کہ طوفانوں سے تحفظ کے لیے ضروری ہے۔"

اپنے خطاب سے قبل صدر اوباما نے نیو اورلینز کے میئر مچ لانڈریو کے ہمراہ شہر کے تاریخی سیاہ فام علاقے میں گھوم پھر کر لوگوں سے ملاقات بھی کی۔

صدر کا کہنا تھا کہ رہائشیوں کو اچھے گھر مل گئے ہیں اس کا یہ مطلب نہیں کہ "کام پورا ہو گیا۔" ان کے بقول غربت اور آمدن میں امیتاز کے خاتمے، قابل استطاعت رہائش کی سہولت خصوصاً سیاہ فام برادری کے لیے اقدام کرنے کی ضرورت ہے۔

XS
SM
MD
LG