رسائی کے لنکس

ہیلتھ کیئرقانون میں درکار درستگی لائی جائے گی: اوباما


صدر نےتسلیم کیا کہ یکم اکتوبر سے جاری کیے گئے ویب سائٹ میں مسائل آگئے تھے، جس کے باعث ہیلتھ کیئر میں اپنا نام درج کرانے والوں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑا

صدر براک اوباما نے جمعرات کے دِن مسائل سے دوچار صحت عامہ کی نگہداشت کے قانون میں درستگی لانے کی پیش کش کی، جس کے ذریعے انشورنس کمپنیوں کی طرف سے امریکیوں کے لیے پیش کردہ ہیلتھ کیئر پلانز کو ایک برس تک کی توسیع دینا ممکن ہوگا، جو بصورتِ دیگر منسوخ ہوجائیں گی۔

’افرڈایبل کیئر ایکٹ‘ کے ضمن میں مشکل درپیش رہی ہے، جسے واضح کرتے ہوئے صدر اوباما نے کہا کہ وہ اس بات سے آگاہ نہیں تھے کہ صحت عامہ کی نگہداشت کا ویب سائٹ مسائل کا شکار ہوگا۔ یکم اکتوبر سے جاری کیے گئے ویب سائٹ میں مسائل آگئے تھے، جس کے باعث ہیلتھ کیئر میں اپنا نام درج کرانے والوں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔

اُنھوں نے کہا کہ ویب سائٹ کی سہولت میں بہت جلد واضح بہتری لائی جائے گی۔

وائٹ ہاؤس کے بریفنگ روم سے اپنے خطاب میں، صدر نے کہا کہ اُنھیں ہیلتھ کیئر قانون پر عمل درآمد کے لیے ناموں کے اندراج کے معاملے پر مسائل درپیش آنے پر کوئی خوشی نہیں ہوئی، اور اس بات پر امریکیوں کی مایوسی قابل فہم ہے۔

صدر نےاُن پانچ فی صد امریکیوں سےمعذرت کی جنھوں نےنئےقانون میں تکنیکی مسائل کے باعث صحت کا انشورنس کھو دیا۔

اس سے قبل، ایوانِ نمائندگان کے اسپیکر، جان بینر نے کہا کہ امریکی عوام وائٹ ہاؤس پر اعتماد نہیں کرپائیں گے، اور وہ اوباما انتظامیہ کو اس بات کی اجازت نہیں دیں گے کہ، بقول اُن کے، دنیا کے صحت عامہ کے بہترین نظام کو ’تباہ‘ کر دیں۔

اُن کے بقول، ’ہمیں یہ بات واضح کردینی چاہیئے۔ امریکی عوام کو مکمل تحفظ دینے کا صرف ایک ہی راستہ ہے، وہ یہ کہ اس قانون کو ہمیشہ کے لیے ختم کردیا جائے۔ اس کی درستگی کا کوئی راستہ نہیں‘۔

ایک حالیہ ملک گیر عوامی جائزے کے مطابق، ہیلتھ کیئر نظام میں مسائل کے باعث، حالیہ ہفتوں کے دوران صدر اوباما کی مقبولیت میں خاصی کمی آئی ہے۔

محکمہ صحت کی وزیر کیتھلین سیبلئیس نے بدھ کو بتایا کہ نئے ہیلتھ کیئر قانون کے تحت 106185لوگوں نے نئے ہیلتھ انشورنس پلانز کے لیے اپنا نام رجسٹر کرایا۔ یہ کُل تعداد کا محض پانچواں حصہ ہے، جب کہ مجموعی تعداد پانچ لاکھ ہے، جن کے بارے میں انتظامیہ کے اہل کاروں کا کہنا تھا کہ یہ لوگ پچھلے ماہ کی یکم سے صدر کے فخریہ صحت عامہ کی نگہداشت کے پروگرام میں اپنا نام شامل کرائیں گے۔

انتظامیہ کے عہدے داروں کو توقع ہے کہ 31 مارچ کی حتمی تاریخ تک اپنا نام رجسٹر کرانے والوں کی تعداد کئی لاکھ تک پہنچ جائے گی۔
XS
SM
MD
LG