رسائی کے لنکس

یہ براہِ راست مذاکرات کا صحیح وقت ہے: نتن یاہو


مسٹر اوباما نےنامہ نگاروں کو بتایا کہ انھوں نےاورمسٹر نتن یاہو نے ایران کے جوہری پروگرام ، اور حماس کی حکمرانی میں غزہ کومزید امداد کی اجازت دینے کے ضمن میں اسرائیل کی پیش رفت کے معاملے پربات کی

اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نتن یاہو نے کہا ہے کہ اسرائیل اور فلسطینیوں کے مابین بات چیت شروع کرنے کا یہ درست وقت ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ امن کا سیاسی حل تلاش کرنے کے لیے براہِ راست مذاکرات کیے جائیں۔

مسٹر نتن یاہو نے واشنگٹن میں امریکی صدر براک اوباما کے ساتھ منگل کو ہونے والی ملاقات کے بعد یہ بیان دیا۔ صدر نے کہا کہ اسرائیلی رہنما نے فلسطینیوں کے ساتھ سنجیدہ مذاکرات شروع کرنے پر رضامندی کا اعادہ کیا۔

مسٹر اوباما نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ مسٹر نتن یاہو اور اُن کی بات چیت میں ایران کے جوہری پروگرام ، اور حماس کی حکمرانی میں غزہ کومزید امداد کی اجازت دینے کے ضمن میں اسرائیل کی پیش رفت کا معاملہ زیر غور آیا۔

دونوں رہنماؤں نے امریکہ اسرائیلی امور میں کسی تناؤ کے معاملے کو کوئی خاص اہمیت نہیں دی۔

اسرائیلی لیڈروں نے اِس سے قبل گذشتہ مارچ میں واشنگٹن کا دورہ کیا جب اسرائیل نے خاص طور پر عرب مشرقی یروشلم میں 1600نئی یہودی بستیاں تعمیر کرنے کا اعلان کیا تھا۔ امریکی نائب صدر جو بائیڈن ابھی اسرائیل میں ہی تھے، اِس اعلان کے بعد امریکی عہدے داروں نے اسرائیل پر نکتہ چینی کی تھی۔

تاہم، مسٹر نتن یاہو نے منگل کو امریکہ اسرائیلی تعلقات کے خراب ہونے کے بارے میں آنے والی خبروں کو نہ صرف قبل از وقت بلکہ یکسر غلط قرار دیا۔ اُنھوں نے کہا کہ دونوں ممالک پائیدار مشترکہ اقدار اور مفادات رکھتے ہیں۔

فلسطینی صدر محمود عباس نے براہِ راست مذاکرات سے انکار کیا ہے تا وقتیکہ اسرائیل عرب سرزمین پر یہودی بستیوں کی تعمیر روک نہیں دیتا، جس پر فلسطینی اپنی ریاست کےدعوے دار ہیں۔

XS
SM
MD
LG